تعارف کا مسئلہ

ایک مقولہ ہے۔ جیسا سماجی تعارف ویسا سماجی معاملہ یعنی آدمی اپنے ماحول میں جس طرح اپنے آپ کو متعارف کرے گا اسی کے مطابق ماحول میں اس سے معاملہ کیا جائے گا۔ یہ ایک ایسا پختہ اصول ہے جس میں شاید کوئی استثنا ءنہیں۔ ایک بار میں دہلی سے حیدر آباد جارہا تھا۔ دہلی ایر پورٹ پر جب میں سیکورٹی چیک کے لیے اندر داخل ہوا تو میں نے دیکھا کہ دوسرے مسافروں کے بیگ کھول کر دیکھے جا رہے ہیں۔ میرے ساتھ ایک چھوٹا سا بیگ تھا جس میں صرف ایک جوڑا کپڑا تھا اور قرآن کا ایک نسخہ۔ چوں کہ میرے خیال کے مطابق میرے بیگ میں کوئی چیکنگ والی چیز نہیں تھی۔ میری زبان سے نکلا، کیا اس کو کھولنا ہو گا۔ میز کے دوسری طرف پولیس کی وردی میں کھڑے ہوئے آدمی نے کسی قدر درشت لہجہ میں کہا کہ کیوں نہیں (why not) ۔ میں نے فوراً اپنا بیگ کھول دیا۔ آدمی نے میرے بیگ کو الٹ پلٹ کر دیکھا تو اس میں اسے کوئی قابل اعتراض چیز نظر نہیں آئی۔ آخر میں اس نے اس میں رکھی ہوئی کتاب اٹھائی اور پوچھاکہ یہ کیا ہے۔ میں نے کہا کہ قرآن ۔ جیسے ہی میری زبان سے قرآن کا لفظ نکلا آدمی کا موڈ بالکل بدل گیا۔ جو آدمی پہلے سختی اور غیریت کے لہجہ میں بول رہا تھا وہ نرمی اور تواضع کے لہجہ میں بولنے لگا۔

یہ فرق کیوں پیش آیا۔ اس کی وجہ سادہ طور پر یہ تھی کہ پہلے میں مذکورہ شخص کی نظر میں صرف صاحب بیگ تھا، مگر بعد کو میں اس کی نظر میں صاحب قرآن بن گیا۔ جب تک میں اس کی نظر میں صاحب بیگ تھا، وہ مجھ کو عام مسافروں کی نظر سے دیکھ رہا تھا، لیکن جب اس نے مجھ کو صاحب قرآن کے روپ میں دریافت کیا تو اس کی نظر میں میری نوعیت بدل گئی اب وہ مجھ کو ایک اور نظر سے دیکھنے لگا۔

 اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا ماحول آپ کے ساتھ اچھا معاملہ کرے تو ضروری ہے کہ آپ اس کے مطابق اپنی تصویر بنائیں۔ اپنے ماحول کے اندر آپ اپنے کو جس طرح متعارف کریں گے اسی کے مطابق ماحول بھی آپ کے ساتھ معاملہ کرے گا، نہ اس سے کم اور نہ اس سے زیادہ ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion