کامیابی کا موقع

کامیابی کا موقع صرف ایک بار کسی شخص کا دروازہ کھٹکھٹاتا ہے— اس دنیا میں کامیابی کا موقع روزانہ آتا ہے۔ مگر وہ روزانہ چلا بھی جاتا ہے۔ اور جو موقع ایک بار چلا جائے وہ دوبارہ کسی کے لیے واپس نہیں آتا۔

 کامیابی کا بہت گہرا تعلق مواقع سے ہے۔ جب کوئی بڑا موقع سامنے آتا ہے تو وہ بس تھوڑی دیر ٹھہرتا ہے ۔ اس لیے ضروری ہوتا ہے کہ موقع آنے کے وقت آدمی فوراً اس کو پہچانے ۔ جو شخص کسی موقع کو شروع میں پہچان لے ، وہ اس سے سب سے زیادہ فائدہ حاصل کرے گا۔ اور جو شخص اس کو پہچاننے میں دیر لگا دے ، وہ اس سے بڑا فائدہ حاصل کرنے میں ناکام رہے گا۔

جب ایک موقع آپ کے ہاتھ سے نکل جائے تو آپ اپنی اس محرومی کو اس طرح یافت میں بدل سکتے ہیں کہ پورے معاملے پر بے لاگ انداز میں سوچیں ۔ اس طرح آپ کے اندر یہ سمجھ پیدا ہوگی کہ دوسری بار جب ایک موقع آئے تو آپ فوراً اس کو پہچان لیں ، اور پہلے ہی لمحہ میں اس کو استعمال کر کے آگے بڑھ جائیں۔

 زندگی میں کچھ لمحات فیصلہ کے لمحات ہوتے ہیں، ان لمحات میں چوک جانا ایک ایسا نقصان ہے جس کی تلافی بعد کو ممکن نہیں ہوتی ۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ آدمی ان مخصوص لمحات کو پہچان نہیں پاتا۔ وہ غفلت میں ان لمحات کو ضائع کر دیتا ہے۔ بعد کو وہ جاگتا ہے، مگر اب اس کے لیے افسوس کرنے کے سوا اور کچھ نہیں ہوتا ۔

ہر بار جب آپ کے دروازہ پر کھٹکھٹانے کی آواز آئے تو فوراً اس پر دھیان دیجیے  ۔ کیا معلوم کسی بڑی کامیابی کا موقع آپ کے دروازہ پر آپ کا انتظار کر رہا ہو۔ آنے والے موقع کا استعمال کیجیے، کیوں کہ جو موقع ایک بار آکر واپس چلا جائے وہ دوبارہ آپ کےپاس لوٹ کر آنے والا نہیں۔

اکثر لوگوں کی محرومی مواقع کو کھونے کا نام ہوتی ہے ۔ وہ دوسروں کے خلاف احتجاج کرتے ہیں، حالانکہ اصل حقیقت یہ ہوتی ہے کہ وہ مواقع کو وقت پر استعمال نہ کر سکے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion