نادانی اور دانش مندی

نادان نے کہا کہ میں نے اپنے ماضی اور حال کو برباد کر دیا۔ دانش مند بولا، مگر مستقبل تو بر باد نہیں ہوا— آدمی کی زندگی صرف ماضی اور حال کے اوپرختم نہیں ہو جاتی ۔ اس کی لمبی زندگی میں مستقبل بھی لازمی طور پر شامل ہے۔ پھر کوئی شخص ماضی اور حال کے کھونے کا غم کیوں کرے ، جب کہ مستقبل اب بھی آپ کے پاس پوری طرح موجود ہے۔

کوئی شخص اپنے گزرے ہوئے دنوں کو گنوا سکتا ہے۔ مگر اس کے آنے والے دن تو اب بھی اس کے پاس باقی ہیں۔ اگر آدمی اپنے احساس کی شدت کو پچھلے دنوں کی تلخ یاد میں نہ لگائے بلکہ اس شدت کو آنے والے دنوں کو استعمال کرنے میں لگا دے تو ہو سکتا ہے کہ پہلے اس نے جو کچھ کھویا ہے ، اس کو وہ آئندہ مزید اضافے کے ساتھ حاصل کرلے۔

ماضی آپ کے ہاتھ سے نکل چکا، حال بھی آپ کا ساتھ چھوڑ رہا ہے۔ اب جو چیز آپ کے پاس باقی ہے وہ صرف آپ کا مستقبل ہے۔ آپ بیتے ہوئے دن یا جانے والے لمحات کا غم کیوں کریں۔ آنے والے دن جو اب بھی پوری طرح آپ کے قبضہ میں ہیں، ان پر اپنی ساری توجہ لگا دیجیے۔ یہی ممکن بھی ہے اور یہی عقل کا تقاضا بھی۔

نادان کی نظر ہمیشہ پیچھے کی طرف ہوتی ہے اور دانش مند کی نظر ہمیشہ آگے کی طرف۔ نادان آدمی صرف اس کو جانتا ہے جو ہو چکا۔ دانش مند اس کو بھی جانتا ہے جو ہو سکتا ہے۔ آپ نادان نہ بنئے، آپ کوشش کیجیے کہ آپ کا نام دانش مندوں کی فہرست میں لکھا جائے۔

جب آدمی کےلیے دانش مند بننے کا موقع بھی موجود ہو اور اسی کے ساتھ نادان بننے کا موقع بھی ، تو وہ نادان کیوں بنے ، کیوں نہ وہ دانش مند بننے کی کوشش کرے ۔ وہ تاریکیوں میں کیوں بھٹکے، جب کہ روشنی کے دروازے بھی اس کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔

زندگی ایک مسلسل سفر ہے جو ماضی سے حال اور حال سے مستقبل کی طرف جاری ہے۔ جو شخص ماضی اور حال میں اٹک کر رہ جائے وہ گویا زندگی کی حقیقت کا انکار کر رہا ہے۔ اور حقیقت کا انکار کرنے والا خود اپنا انکار کرتا ہے، حقیقت کو بدلنا اس کے لیے کسی طرح ممکن نہیں۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion