دوسروں کی رعایت

 آپ سڑک پر اپنی گاڑی دوڑا رہے ہیں۔ سامنے سے دوسری گاڑی آتی ہوئی نظر آئی۔ اب آپ کے لیے دو صورتیں ہیں۔ ایک یہ کہ آپ پہلے کی طرح بیچ سڑک پر اپنی گاڑی دوڑاتے رہیں۔دوسرے یہ کہ آپ اپنی گاڑی کو ایک طرف موڑ دیں اور سامنے والی گاڑی کے کنارے سے نکل جائیں۔

ایسے موقع پر آپ کیا کرتے ہیں۔ ایسے موقع پر آپ ہمیشہ یہ کرتے ہیں کہ اپنی گاڑی کنارے کی طرف موڑ دیتے ہیں۔ اگر آپ بدستور اپنی گاڑی سیدھے رخ پر دوڑاتے رہیں تو آپ کی گاڑی سامنے والی گاڑی سے ٹکرا جائے گی۔ اس کے بعد آپ کا انجام یہ ہوگا کہ آپ منزل پر پہنچنے کے بجائے قبرستان میں پہنچ جائیں گے یا زخمی ہو کر اسپتال لے جائے جائیں گے۔ مگر جب آپ اپنی گاڑی کو کنارے کی طرف موڑ دیتے ہیں تو آپ کی گاڑی اور آپ دونوں محفوظ حالت میں منزل پر پہنچ جاتے ہیں۔

 یہی اس دنیا میں زندگی کا راز ہے۔ سڑک پر کوئی سواری اکیلی نہیں ہوتی بلکہ اس کے ساتھ اور بہت سی سواریاں سڑک پر دوڑ رہی ہوتی ہیں۔ اس لیے ہر ایک کو دوسرے کا لحاظ کرنا پڑتا ہے۔ یہی معاملہ وسیع تر معنوں میں پوری انسانی زندگی کا ہے۔ موجودہ دنیا میں آپ اکیلے نہیں ہیں۔ بلکہ بہت سے دوسرے انسان بھی آباد ہیں۔ ہر ایک اپنی اپنی سرگرمیوں کو پوری طاقت کے ساتھ جاری کیے ہوئے ہے۔ ایسی حالت میں وسیع تر زندگی میں بھی کامیابی کاراز وہی ہے جو محدود معنوں میں سڑک کے سفر میں اختیار کیا جاتا ہے۔ یعنی دوسروں کی رعایت کرتے ہوئے اپنے مقصد کےلیے جد و جہد کرنا ۔

آپ جس طرح اپنے جذبات کو جانتے ہیں اسی طرح آپ کو دوسرے کے جذبات کو بھی جاننا ہوگا۔ آپ جس طرح اپنے منصوبے کو جانتے ہیں اسی طرح آپ کو دوسروں کے منصوبے سے بھی واقف ہونا پڑے گا۔ آپ جس طرح اپنا فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اسی طرح آپ کو یہ بھی جاننا ہوگاکہ دوسروں کے کیا مفادات ہیں اور وہ کس طرح ان کو حاصل کرنا چاہتے ہیں— اس دنیا میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو اپنے آپ کو جاننے کے ساتھ دوسروں کو بھی جانیں۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion