بڑا دل
بڑے دل والا آدمی ہمیشہ کامیاب ہوتا ہے، اور چھوٹے دل والا آدمی ہمیشہ ناکام— اس دنیا میں کامیابی کسی کو اس کے دل کے پیمانہ سے ملتی ہے۔ یہاں کامیابی کا اصول یہ ہے کہ جتنا بڑا دل اتنی ہی بڑی کامیابی۔
اس دنیا میں کوئی قابل ذکر کامیابی حاصل کرنے کے لیے قریبی حالات سے اوپر اٹھ کر سوچنا پڑتا ہے۔ لوگوں کے سلوک سے بلند ہو کر ان کے ساتھ معاملہ کرنا ہوتا ہے ۔ لوگوں کو یہ خیال کیے بغیر دیا جاتاہے کہ انھوں نے ہم کو کیا دیا اور کیا نہیں دیا۔
اس قسم کا کردار بڑے دل کے بغیر ممکن نہیں، اس لیے اس دنیا میں بڑے دل کے بغیر کوئی بڑی کا میا بی بھی کسی کوملنے والی نہیں۔ خواہ ایک ملک ہو یا دوسرا ملک، خواہ ایک زمانہ ہو یا دوسرا زمانہ ، ہر مقام پر اور ہر جگہ کے لیے یہی ایک اصول ہے ۔ اس میں کسی کا کوئی استثناء نہیں۔
جو آدمی چھوٹے دل کا ہو وہ ذرا ذراسی بات میں لوگوں کے خلاف شکایت لے کر بیٹھ جاتا ہے۔ وہ ان معمولی باتوں میں الجھ جاتا ہے جو اس قابل ہوتی ہیں کہ ان کو نظر انداز کر دیا جائے۔ ایسا آدمی راستہ کے درمیان میں اٹک کر رہ جائے گا۔ وہ آخری منزل تک نہیں پہنچ سکتا۔
اس کے برعکس، جو آدمی راستہ کی چھوٹی چھوٹی باتوں سے نہ الجھے، وہ کامیابی کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھتا ہے۔ وہ اپنی دل جمعی کو ہر حال میں باقی رکھتا ہے۔ وہ کسی بھی تلخ تجربہ سے بے حوصلہ نہیں ہوتا۔ ایسے آدمی کے لیے یہی مقدر ہے کہ وہ اپنی منزل پر پہنچ کررہے ۔ وہ پستیوں سے گزر کر آخری بلندی تک پہنچ جائے۔
اس دنیا میں آدمی دل کی طاقت سے جیتتا ہے ۔ زندگی کی جدو جہدمیں جو آدمی بے دل ہو جائے وہ اپنی ملی ہوئی صلاحیتوں کو بھی کھو دے گا۔ اور جو آدمی ہر حال میں مثبت رہے، وہ اپنی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرلے گا۔ تمام کامیابیوں کا اصل میدان آدمی کا اپنا دل ہے ۔ آپ باہر کی دنیا کو نہ دیکھیے بلکہ اپنے دل کی دنیا کو دیکھیے۔ اپنے اندر ہی آپ وہ سب کچھ پاسکتے ہیں جس کو آپ پانا چاہتے ہیں۔
