دیباچہ

اس مجموعہ میں قرآن کے تین مختلف پہلوؤں پر مختصر گفتگو کی گئی ہے۔ایک یہ کہ قرآن اپنی ذات میں اس بات کی دلیل ہے کہ وہ خدا کی کتاب ہے۔دوسرا یہ کہ وہ اسی ابتدائی صورت میں کامل طور پر محفوظ ہے جیسا کہ وہ ساتویں صدی عیسوی میں پیغمبر عربی صلی اللہ علیہ وسلم پر اترا تھا ،تیسرا یہ کہ قرآن ایک کتاب دعوت ہے۔اور اس کی دعوت میں اتنی قوت ہے کہ جب بھی اس کو صحیح طور پر دنیا کے سامنے لایا جائے گا وہ اقوام عالم کو مسخر کر لے گا۔

قرآن سے پہلے بھی خدا کی طرف سے بہت سی آسمانی کتابیں اتری تھیں۔پھر اس میں اور دوسری آسمانی کتابوں میں کیا فرق ہے۔

قرآن اور دوسری آسمانی کتابوں میں جو فرق ہے  وہ اس اعتبار سے نہیں ہے کہ ایک کامل ہے اور دوسری غیر کامل، ایک افضل ہے اور دوسری غیر افضل ۔مختلف آسمانی کتابوں میں اس قسم کا امتیازقائم کرنا خود پیغمبروں کے درمیان امتیاز قائم کرنا ہے۔اور خدا کے پیغمبروں کے درمیان امتیاز قائم کرنا یقینی طورپرصحیح نہیں۔

پھر دونوں کتابوں میں کیا فرق ہے۔وہ فرق صرف ایک ہے۔اور وہ یہ کہ قرآن محفوظ ہے۔جب کہ دوسری کتابیں اپنی اصلی اور ابتدائی حالت میں محفوظ نہیں۔یہی محفوظیت قرآن کی اصل امتیازی خصوصیت ہے۔اسی خصوصیت کی بنا پر اب وہ قیامت تک کے لیے واحد قابل اتباع اور واحد ذریعہ نجات کتاب ہے۔

تا ہم قرآن کا محفوظ ہونا اور محفوظ رہنا کوئی معمولی واقعہ نہیں ۔یہ اس آسمان کے نیچے پیش آنے والے تمام واقعات میں سب سے زیادہ عجیب ہے۔اس کی غیرمعمولی اہمیت اس وقت سمجھ میں آتی ہے جب کہ اس پر غور کیا جائے کہ دوسری کتابیں کیوں محفوظ نہیں رہیں۔اور قرآن کیوں مکمل طور پر محفوظ حالت میں باقی ہے۔

خدا کو اگرچہ تمام موجودات پر کلی اختیار حاصل ہے۔مگر متعین مدّت کے لیے اس نے انسانوں کو بربنائے امتحان آزادی  دےدی  ہے۔اسی  آزادی سے فائدہ اٹھا کر ہر بار انسان یہ کرتا رہا کہ آسمانی کتابوں کو بدلتا یا ضائع کرتا رہا۔آخر کار خدا نے انسانوں کے اوپر اپنا خصوصی فضل فرمایا۔اپنی ہدایت کو مسلسل صحیح   حالت میں باقی رکھنے کے لیے اس نے  مزید حفاظتی اہتمام کیا۔خدا کی خصوصی مدد سے رسول اور اصحاب رسول ایک نئی تاریخ  کو ظہور میں لائے۔انہوں نے تمام شریروں کو زیر کیا۔انھوں نے قدیم دنیا کو بدل کر ایک ایسی نئی دنیا پیدا کی جو اپنے نا قابل تسخیر موافق پہلوؤں کے ساتھ قرآن کی ابدی حفاظت کی ضامن بن جائے۔اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ قرآن ظاہری اور معنوی دونوں اعتبار سے ہمیشہ کے لیے محفوظ اور غالب صحیفہ بن گیا۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom