برائی کے بدلے بھلائي

قرآن میں خدا کے محبوب بندوں کی صفت یہ بیان کی گئی ہے کہ جب انھیں غصہ آتا ہے تو وہ معاف کر دیتے ہیں(41:37)۔پیغمبر اسلام نے اپنے پیروؤں  کو یہ حکم دیا کہ جو تم سے برا سلوک کرے تم اس سے اچھا سلوک کرو(سنن الترمذی، حدیث نمبر 2007)۔بالفاظ دیگر،آدمی کو دوسروں سے برائی ملے تب بھی وہ دوسروں کو بھلائی لوٹائے۔اس کو اشتعال دلایا جائے تب بھی وہ غیر مشتعل رہے۔

یہ اعلیٰ اخلاق  عین وہی ہے جس کا تمثیلی نمونہ خدا نے درخت کی صورت میں مادی دنیا کے اندر قائم رکھا ہے،انسان اور درخت دونوں ایک ہی دنیا میں ایک دوسرے کے آس پاس رہتے ہیں۔انسان کا طریقہ یہ ہے کہ وہ جب سانس لیتا ہے تو وہ فضا سے آکسیجن لے کر اپنے اندر داخل  کرتا ہے اور اپنے اندر سے کاربن نکال کر باہر کی طرف خارج کرتا ہے۔

اگر درخت بھی یہی کرے تو ہماری دنیا مضر گیس سے بھر جائے اور رہائش کے ناقابل ہو جائے۔مگر درخت انسان کے بالکل برعکس معاملہ کرتا ہے۔درخت باہر کی کاربن لے لیتا ہے اور اپنے اندر سے آکسیجن نکال کر فضا میں شامل کرتا ہے جو انسان اور حیوانات کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

قرآن جس اخلاق کا مطالبہ انسان سے کرتا ہے اس کا ایک ماڈل اس نے درخت کی دنیا میں عملاً قائم کر رکھا ہے۔یہ اخلاق جو درخت کی دنیا میں مادی سطح پر قائم ہے ،اسی کو انسان اپنی زندگی میں شعوری سطح پر اختیار کرتا ہے۔جو اخلاقی معیار خدا نے بقیہ دنیا میں براہِ راست اپنے زور پر قائم کر رکھا ہے اسی اخلاقی معیار کو انسانی دنیا میں خود انسان کو اپنے ارادہ سے قائم کرنا ہے۔تا کہ حضرت مسیح کے الفاظ میں، "خدا کی مرضی جس طرح آسمان پر پوری ہوتی ہے اسی طرح زمین پر بھی پوری ہو"(متی، 6:10

وہ اخلاق یہ ہے کہ دوسرے شخص سے اگر آپ کو نفرت ملے تب بھی آپ اس کو محبت لوٹائیں۔دوسرے سے آپ کو تکلیف پہنچے تو آپ اس کو اپنی طرف سے آرام پہنچانے کی کوشش کریں ۔لوگ آپ کو غصہ دلائیں تو آپ انھیں معاف کر دیں۔لوگ منفی رویہ کا مظاہرہ کریں تب بھی آپ مثبت رویہ سے ان کا جواب دیں۔آپ کا اخلاق یہ نہیں  ہونا چاہیے کہ آپ کاربن دینے والے کو کاربن دیں۔بلکہ آپ کا اخلاق یہ ہونا چاہیے کہ جو شخص آپ کو کاربن دے اس کو بھی آپ کی طرف سے آکسیجن ملے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom