مہدی اور مسیح
ایک حدیث (سنن ابن ماجہ،کتاب الفتن، باب: الصبر علی البلاء) کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ مہدی اور مسیح، دونوں ایک ہی شخصیت کے علامتی طورپر دو الگ الگ نام ہیں۔ آخری دور میں ظاہر ہونے والی ایک ہی شخصیت ہے، جس کو کسی روایت میں رجلِ مومن کہاگیا ہے، اور کسی روایت میں مہدی، اور کسی روایت میں مسیح۔ ایک اعتبار سے، ظاہر ہونے والا شخص، امتِ محمدی کا ایک فرد ہوگا، اس اعتبارسے اس کو رجلِ مومن کہاگیا۔ دوسرے اعتبار سے وہ گم راہی کے عمومی اندھیرے میں ہدایت کی روشنی کو مکمل طورپردریافت کرے گا، اِس اعتبار سے اس کو مہدی کہاگیا ہے، یعنی ہدایت پایا ہوا شخص۔ ایک اور اعتبار سے وہ شخص امتِ محمد کے آخری زمانے میں وہی رول ادا کرے گا، جو امتِ یہود کے آخری زمانے میں حضرت مسیح نے انجام دیا تھا۔ گویا کہ یہ تینوں الفاظ ایک ہی شخصیت کے تین پہلوؤں کو بتاتے ہیں، نہ کہ الگ الگ تین مختلف شخصیتوں کو۔