سب سے بڑا امتحان
جان اسٹوارٹ مل (John Stuart Mill) انیسویں صدی عیسوی کا ایک برطانی فلسفی ہے۔ وہ 1806 میں پیدا ہوا، اور 1873 میں اس کی وفات ہوئی۔ اس کی کتاب آٹو بائیوگریفی (Autobiography) 1873 میں شائع ہوئی۔ اِس کتاب میں مصنف نے لکھا ہے کہ پہلے میں روایتی طورپر خدا کو مانتا تھا۔ لیکن میرے باپ (James Mill) نے اِس سلسلے میں مجھ سے ایک بات کہی، اُس کے بعد میں نے خدا کے بارے میں سوچنا چھوڑدیا۔ میرے باپ نے کہا کہ — اگر خدا نے انسان کو پیدا کیا ہے تو خدا کو کس نے پیدا کیا:
If God created man, who created God.
خدا کی معرفت کے بارے میں بلا شبہ یہ سب سے بڑا امتحان ہے۔ انسان کا ذہن ایک محدودذہن ہے۔ اِس کے باوجود انسان کو یہ کرنا ہے کہ وہ لامحدود خدا کی معرفت حاصل کرے۔ معرفت کا معاملہ اصلاً یہی ہے کہ ایک محدود ہستی، ایک لامحدود ہستی کو دریافت کرے اور کامل یقین کے ساتھ اس کو مان لے۔ یہی معرفت ہے۔ اِس مرحلے کو پار کئے بغیر کسی کو معرفت کا کریڈٹ ملنے والا نہیں۔
خدا کی دریافت کا معاملہ دوسری چیزوں کی دریافت سے مختلف ہے۔ مثلاً قوتِ کشش (gravity) بھی ایک دریافت کا موضوع ہے، لیکن یہ دریافت صرف ایک علمی دریافت ہے، اس کی بنیاد پر کسی کو ابدی انعام ملنے والا نہیں۔ لیکن خدا کی دریافت کے ساتھ ایک عظیم انعام جُڑا ہوا ہے۔ خدا کی دریافت کرنے والے کے لیے یہ مقدر ہے کہ اس کو ابدی جنت میں داخلہ ملے۔ اِس لیے خدا کی دریافت کی ایک قیمت رکھ دی گئی۔ اِس قیمت کو ادا کئے بغیر کسی کو خدا کی دریافت کا کریڈٹ نہیں مل سکتا۔ وہ قیمت یہ ہے کہ آدمی محدود ذہن کے ساتھ لامحدودکا احاطہ کرے، وہ عالم ِ مشاہدہ (seen world) میں غیر مشہود خدا (unseen God) کو دریافت کرلے۔ اِسی دریافت کا نام معرفت ہے، اور جنت کی قیمت یہی معرفت ہے۔