معرفت ایک ذاتی دریافت
قرآن میں، ہزار سے زیادہ آیتیں ہیں۔ اِن میں ایک آیت وہ ہے جو قرآن کی سب سے زیادہ لمبی آیت ہے۔ یہ سورہ البقرہ کی آیت نمبر 282 ہے۔ یہ آیت، قرض (debt) کی کتابت (writing)کے بارے میں ہے۔ اِس آیت میں نہ صرف قرض کے معاملے کی کتابت کا حکم ہے، بلکہ اس کی جزئی تفصیلات تک اس میں بتائی گئی ہیں۔
اس کے برعکس معاملہ معرفت کا ہے۔ قرآن میں معرفت کا ذکر ہے، لیکن اس میں کہیں بھی معرفت کی تفصیلات (details) بیان نہیں کی گئی ہیں۔ معرفت کا مادّہ (root) ع، ر، ف ہے۔ اِس کے مشتقات (derivatives) قرآن میں تقریباً 70 بار آئے ہیں، مگر کہیں بھی معرفت کی تفصیل مذکور نہیں۔ مثال کے طورپر قرآن کی سورہ المائدہ میں یہ آیت آئی ہے: وَإِذَا سَمِعُوا مَا أُنْزِلَ إِلَى الرَّسُولِ تَرَى أَعْيُنَهُمْ تَفِيضُ مِنَ الدَّمْعِ مِمَّا عَرَفُوا مِنَ الْحَقِّ (5:83) ۔ اِس آیت میں بتایا گیا ہے کہ ایک گروہ کو کلام اللہ سن کر معرفت ملی، لیکن قرآن کے اِس بیان سے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ متعین طورپر وہ معرفت کیا تھی جو اُس گروہ کوحاصل ہوئی۔
قرآن کی اِن دونوں آیتوں کے تقابل سے ایک اہم حقیقت معلوم ہوتی ہے، وہ یہ کہ معرفت، فقہی مسئلہ جیسی کوئی چیز نہیں ہے جس کو تعین کی زبان (specific language) میں بیان کیا جاسکے۔ معرفت ایک ایسی چیز ہے جو ذاتی دریافت (self-discovery) کے طورپر کسی کو حاصل ہوتی ہے۔ معرفت یا توخود دریافت کردہ حقیقت (self-discovered reality) کے طورپر حاصل ہوگی، یاپھر وہ سرے سے حاصل ہی نہ ہوگی۔ معرفت کے معاملے میں اللہ تعالیٰ نے طالب معرفت کے لیے وہی طریقہ رکھا ہے جس کو فنِ تعلیم میں ڈسکوری متھڈ (discovery method) کہاجاتاہے۔
حقیقت یہ ہے کہ معرفت ایک ایسی چیز ہے جس کو آدمی خود اپنے غور وفکر سے دریافت کرتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں، یہ کہ معرفت ایک اجتہادی موضوع ہے، وہ تقلیدی موضوع نہیں۔ معرفت کے حصول کے لیے تخلیقی ذہن (creative mind) درکار ہے۔ معرفت کسی شخص کو لمبی فکری جدوجہد کے بعد حاصل ہوتی ہے۔ معرفت ایک ذاتی دریافت ہے، معرفت کسی ایسے مقرر کورس کے ذریعے حاصل نہیں ہوتی جو آپ نے کسی شخص کے بتانے سے جانا ہو، جو آپ نے کسی شخص سے بطور تقلید حاصل کیا ہو۔