تاریخ امت

اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول کے ذریعے امت مسلمہ کو ایک طرف واضح طور پر یہ بتا دیا کہ پیغمبر کے بعد اسلامی دنیا میں سیاسی بگاڑ آئے گا۔ حکمراں افراد ظلم کے راستے پر چلنے لگیں گے۔ مگر اس وقت کرنے کا کام یہ نہ ہو گا کہ امت کے علماء اور مصلحین حکمرانوں سے سیاسی ٹکراؤ شروع کر دیں۔ اس کے برعکس انہیں یہ کرنا چاہیے کہ وہ براہ راست سیاسی ٹکراؤ سے الگ رہ کر دوسرے دینی اور تعمیری میدانوں میں اپنی کوششوں کو لگا دیں۔

اس سلسلے میں حدیث کی کتابوں میں کثرت سے روایتیں موجود ہیں۔ اس ہدایت کا مطلب فرار نہیں بلکہ حکمت ہے۔ اس سے مراد نتیجہ خیز (result-oriented) عمل پر زور دینا ہے۔ یعنی ایسے میدان میں اپنی کوشش صرف کی جائےجہاں کوشش کا مثبت نتیجہ بر  آمد ہوتا ہو، ایسے میدان میں کوشش نہ کی جائے جہاں ساری کوشش صَرف کرنے کے بعد بھی کوئی مثبت نتیجہ برآمد نہ ہو سکے۔

اسی کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے دوسرا انتظام یہ فرمایاکہ پیغمبر کے دو نواسوں کے ذریعے دونوں قسم کے عمل کی واضح مثالیں قائم کر دیں۔ نظری ہدایت کے ساتھ عملی طور پر بھی دکھا دیا کہ اگر تم سیاسی ٹکراؤ کرو گے تو اس کا نتیجہ کس شکل میں برآمد ہو گا۔

اوپر امام حسنؓ اور امام حسینؓ کی جو متقابل مثالیں نقل کی گئیں، ان سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے امت کے لیے دو تاریخی نمونے قائم کر دیے ہیں۔ امام حسنؓ کا نمونہ یہ بتاتا ہے کہ حکمرانوں سے ٹکراؤ نہ کرنے کی صورت میں اسلام اور مسلمانوں کو عظیم الشان فائدے حاصل ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس، نمونہ امام حسینؓ کا ہے جو بتارہا ہے کہ حکمرانوں سے ٹکراؤ    کی سیاست سراسر ایک بے فائدہ عمل ہے۔ اس کا کوئی نتیجہ نہ اسلام کے حصہ میں آنے والا ہے اور نہ مسلمانوں کے حصہ میں۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد جو امت مسلمہ بنی ، اس میں کچھ افراد وہ تھے جن کے اندر سیاسی حوصلہ تھا۔ وہ ملک گیری اور حکمرانوں سے ٹکراؤ کے راستہ پر چل پڑے۔ مگر ایسے لوگوں سے ہمیں کوئی بحث نہیں۔ کیوں کہ وہ اُمت محمدی کے نمائندہ افراد نہیں ہیں۔ اس وقت ہماری بحث کا تعلق امت کے صرف ان افراد سے ہے جن کو امت کے اندر نمائندہ حیثیت حاصل ہے ، جو قیامت تک آنے والی نسلوں کے لیے نمونہ ہیں۔ جنہوں نے اسلام کی حقیقی تاریخ بنائی ہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion