فوج سے زیادہ طاقت ور

دوسری عالمی جنگ کے بعد نومبر 1946ء میں جاپان کا جو نیا دستور بنا اس کے مصنف امریکی جنرل ڈگلس میک آرتھر تھے۔ انہوں نے اس دستور کے دفعہ9 کے تحت جاپان کو ہمیشہ کے لیے اس بات کا پابند کر دیا تھا کہ وہ کبھی بھی زمینی ، برّی یا ہوائی فوج نہیں رکھے گا۔ اور نہ کسی قسم کی دوسری جنگی تیاری کرے گا:

‘‘Land. sea, and air forces, as well as other war Potential, will never be maintained.’’  (Encyclopedia Britannica, 10/87)

امریکی ساخت کے جاپانی دستور کی اس دفعہ میں جنگی امکان (war potential) کا لفظ بے حد سبق آموز ہے۔ اس کے تحت جاپان کو نہ صرف معروف معنوں میں جنگی طاقت بننے سے روک دیا گیا تھا بلکہ اس کو ایسی سرگرمیوں سے بھی منع کر دیا گیا تھا جو اپنے اندر کسی نوعیت کا کوئی جنگی امکان رکھتی ہوں۔ مگر تقریباً نصف صدی کی تاریخ بتاتی ہے کہ انسان بہت کم جانتا ہے۔ اس کی معلومات حقائق کی وسعتوں کے لحاظ سے بہت تھوڑی ہے۔

جاپان کو جنگی ہتھیاروں کی تیاری سے روک دیا گیا تھا ، مگر جاپان کے لیے اب بھی ایک وسیع میدان کھلا ہوا تھا۔ یہ معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کامیدان تھا۔ امریکی حکمراں جاپان کو جنگی ہتھیار بنانے سے روک سکتے تھے۔ مگر ان کے لیے یہ ممکن نہ تھا کہ وہ جاپان کو اقتصادی سرگرمیوں سے بھی روک دیں۔ جاپان سیاسی ٹکراؤ کا راستہ چھوڑ کر اقتصادیات کے میدان میں سرگرم ہو گیا۔ یہاں تک کہ نصف صدی سے بھی کم عرصے میں اس نے خود اس تاریخ کو بدل دیا جس کے تحت امریکی حکمرانوں نے جاپان سے اس کی ابدی شکست پر دستخط لیے تھے۔

امریکی میگزین ٹائم (24 اپریل1989ء) میں صفحہ 32-33پر ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاپان موجودہ صدی کے آخر میں اقتصادی دیو (economic giant) بن کر ابھرا ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاپان کی صنعت کے مقابلے میں امریکہ مسلسل دفاعی پوزیشن میں چلا جا رہا ہے۔ اور اس کی خاص وجہ امریکہ کے اوپر جاپان کا بڑھتا ہوا صنعتی دباؤ ہے۔

اولاً امریکہ کی مارکیٹ پر جاپان کے ٹیلی ویژن نے قبضہ کیا۔ امریکہ کے ٹیلیویژن مینوفیکچرر جاپان کے اقتصادی حملہ کا پہلا شکار تھے۔ اس کے بعد جاپانی کاروں نے امریکہ کی سڑکوں پر قبضہ کیا۔ حالیہ برسوں میں جاپانی کمپیوٹر امریکی کمپیوٹر کے مقابلے میں فائق تر ثابت ہوا ہے۔ اور اب مستقبل قریب میں جاپان کی یہی صنعتی فوقیت ہوائی جہاز بنانے کے میدان میں ظاہر ہونے والی ہے۔

عوامی رائے (polls) کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ موجودہ امریکی سوویت یونین کی فوجی طاقت سے زیادہ جاپان کی اقتصادیات سے خوف زدہ ہیں:

‘‘Mindful of polls showing that many Americans are more fearful of Japan’s economy than of the Soviet Union’s military strength.’’

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion