رواداری

رواداری (ٹالرنس) ایک اعلیٰ انسانی اور اسلامی صفت ہے۔ رواداری کا مطلب دوسروں  کی رعایت کرنا ہے۔ اس کے مقابلہ میں  عدم رواداری یہ ہے کہ آدمی صرف اپنے آپ کو جانے، و ہ دوسروں  کے تقاضے سے بے خبر ہو جائے۔ رواداری ایک اعلیٰ انسانی اسپرٹ ہے۔ اس کو شریعت میں  مختلف الفاظ میں  بیان کیا گیا ہے۔ مثلاً— رفقِ، تالیفِ قلب، شفقت علی الخلق، وغیرہ۔

آدمی کے اندر جب خدا پرستی اور سچی دین داری آتی ہے تو وہ خود غرضی کے تحت پیش آنے والی تمام برائیوں  سے اوپر اٹھ جاتا ہے۔ وہ اپنی ذات میں  جینے کے بجائے حقائق میں  جینے لگتا ہے۔ ایسا انسان عین اپنے مزاج کے مطابق دوسروں  کو محبت کی نظر سے دیکھنے لگتا ہے۔ وہ دوسروں  سے کسی چیز کا امیدوار نہیں  ہوتا اس لیے دوسرے اگر اس سے اختلاف رکھیں  یا اس کے ساتھ اچھا سلوک نہ کریں  تب بھی وہ دوسروں  کا خیر خواہ بنا رہتا ہے۔ تب بھی وہ دوسروں  کی رعایت کرتا ہے۔ تب بھی وہ دوسروں  کے ساتھ اپنے روادارانہ سلوک کو باقی رکھتا ہے۔

رواداری یہ ہے کہ آدمی ہر حال میں  دوسرے کی عزت کرے خواہ وہ اس کے موافق ہو یا اس کے خلاف۔ وہ ہر حالِ میں  دوسرے کو اعلیٰ انسانی درجہ دے خواہ وہ اس کا اپنا ہو یا غیر۔ وہ دوسرے کے معاملہ کو ہر حال میں  ہمدردی کا معاملہ سمجھے۔ خواہ دوسرے کی طرف سے بظاہر غیر ہمدردانہ سلوک کا اظہار کیوں  نہ ہوا ہو۔

رواداری کا مطلب دراصل دوسروں  کی رعایت کرنا ہے۔ اجتماعی زندگی میں  لازمی طور پر ایک اور دوسرے کے درمیان اختلافات پیش آتے ہیں۔ مذہب، کلچر، رواج اور ذاتی ذوق کا فرق ہر سماج میں  باقی رہتا ہے۔ ایسی حالت میں  اعلیٰ انسانی طریقہ یہ ہے کہ آدمی اپنے اصول پر قائم رہتے ہوئے دوسرے کے ساتھ رعایت اور توسیع کا طریقہ اختیار کرے۔ وہ اپنی ذات کے معاملہ میں  اصول پسند ہو مگر دوسرے کے معاملہ میں  روادار۔ وہ اپنے آپ کو اپنے معیار کی روشنی میں  جانچے۔ مگر جب دوسروں  کا معاملہ ہو تو وہ رواداری اور وسعتِ ظرف کا طریقہ اختیار کرے۔ یہ رواداری انسانی شرافت کا لازمی تقاضا ہے۔ اسلام آدمی کے اندر یہی اعلیٰ شرافت پید اکرتا ہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom