نجات

انسان کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے۔ اس کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ موت کے بعد آنے والی زندگی میں  اس کو نجات حاصل ہو۔ وہ خدا کی ابدی رحمتوں  میں  جگہ پائے۔

ہر انسان جو موجودہ دنیا میں  پیدا ہوا ہے اس کو موت کے بعد ایک اور دنیا میں  داخل ہونا ہے۔ موجودہ دنیا میں  آدمی کو زندگی کے مواقع آزمائش کے لیے ملے ہوئے تھے۔ اگلی دنیا میں  جو کچھ کسی کو ملے گا وہ اس کے عمل کے بدلہ کے طور پر ملے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ موت سے پہلے کی دنیا میں  تو ہر آدمی کو تمام چیزیں  لازمی طور پر ملی ہوئی ہیں، خواہ وہ اس کا مستحق ہو یا مستحق نہ ہو۔ مگر موت کے بعد کی دنیا میں  یہ لزوم ختم ہو جائے گا۔ اس وقت چیزوں  کو پانے کا معیار استحقاق ہو گا نہ کہ امتحان۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ اگلی دنیا میں  جو لوگ مستحق قرار پائیں  گے ان کو تو ہر قسم کی نعمتیں  مزید اضافہ کے ساتھ دے دی جائیں  گی۔ مگر جو لوگ غیر مستحق قرار پائیں  گے وہاں  ان کے لیے کچھ بھی نہ ہو گا۔ وہ مجبور ہوں  گے کہ وہاں  کامل محرومی کی زندگی گزاریں۔

یہی ہرآدمی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ ہر آدمی کو سب سے زیادہ اس بات پر دھیان دینا چاہیے کہ ایسا نہ ہو کہ وہ اگلی زندگی میں  غیر مستحق قرار دیا جائے۔ اور نجات پائے ہوئے لوگوں  میں  شامل نہ ہو۔ ہرآدمی کو اپنی طاقت اور توجہ سب سے زیادہ جس کام میں  لگانا ہے وہ یہ کہ موجودہ دنیا میں  وہ اس طرح زندگی گزارے کہ اگلے مرحلہ حیات میں  وہ غیر مستحق نہ قرار دیا جائے بلکہ وہاں  اس کو سعادت اور نجات حاصل ہو۔

اگلی دنیا زیادہ کامل اور ابدی دنیا ہے۔ وہاں  ہر قسم کی لذتیں  اور خوشیاں  بھر پور طور پر اکٹھا کر دی گئی ہیں۔ یہی وہ دنیا ہے جس کے لیے انسان آرزو کرے اور یہی وہ دنیا ہے جس کے لیے انسان اپنی ساری محنتیں  صرف کر دے۔ مگر اس نعمت بھری دنیا کے لیے عمل کرنے کا مقام موت سے پہلے کی دنیا ہے نہ کہ موت کے بعد آنے والی دنیا۔ آج کی دنیا عمل کرنے کی جگہ ہے اور اگلی دنیا عمل کا انجام پانے کی جگہ۔

آخرت کی نجات صرف ان لوگوں  کو ملے گی جو آخرت سے پہلے اپنے آپ کو نجات کا مستحق ثابت کریں۔

Maulana Wahiduddin Khan
Book :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom