پیغمبر
پیغمبر وہ انسان ہے جس کو خدا اپنی نمائندگی کے لیے چن لے۔ خدا جب ایک انسان کو اپنا پیغمبر بناتا ہے تو خدا کا فرشتہ اس کے پاس آکر اس کو اس انتخاب کی خبر دیتا ہے۔ اس طرح اس کو یہ یقین ہو جاتا ہے کہ میں خدا کا پیغمبر ہوں۔ اس کے بعد فرشتہ کے ذریعہ خدا اس پر اپنی تعلیمات اتارتا ہے تاکہ وہ ان تعلیمات سے تمام انسانوں کو با خبر کر دے۔ پیغمبر گویا خدا اور انسان کے درمیان ہوتا ہے۔ وہ خدا سے لے کر انسانوں تک پہنچاتا ہے۔
خدا نے انسان کو عقل دی۔ وہ اس کے ذریعہ ظاہری باتوں کو سمجھ سکتا ہے۔ مگر بہت سی باتیں وہ ہیں جن کو جاننے اور سمجھنے کے لیے صرف ظاہری علم کافی نہیں۔ خود موجودہ دنیا کے بارہ میں زیادہ گہری حقیقتیں انسان کی عقلی گرفت میں نہیں آتیں۔ اور جہاں تک خدا اور عالم آخرت کا معاملہ ہے وہ مکمل طور پر نہ دکھائی دینے والی دنیا سے تعلق رکھتا ہے اس بنا پر وہ انسان کے عقلی ادراک سے باہر ہے۔
پیغمبر یہ کرتا ہے کہ وہ انسان کی اس کمی کو پورا کرتا ہے۔ وہ اشیاء کی حقیقت کو بتاتا ہے۔ وہ آخرت کی دنیا کی خبر دیتا ہے۔ اس طرح وہ انسان کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ علم وشعور کی پوری روشنی میں اپنی زندگی کا نقشہ بنائے اور اس کے مطابق کامیاب زندگی کی تعمیر کرے۔
انسان جب سے دنیا میں آبا د ہوا اسی وقت سے پیغمبر بھی آنا شروع ہو گئے۔ وہ ہر زمانہ میں انسان کو خدا کی باتیں بتاتے رہے تاہم قدیم زمانہ میں آنے والے پیغمبروں کا مستند ریکارڈ باقی نہیں رہا۔ بعد کے حالات نے ان کی شخصیت کو بھی غیر تاریخی بنا دیا اور ان کی کتابوں کو بھی تاریخی طور پر غیر مستند۔
آخر میں خدا نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا پیغمبر بنایا۔ آپ اس وقت پیدا ہوئے جبکہ دنیا میں دورِ تاریخ آچکا تھا۔ اسی کے ساتھ جلد ہی بعد وہ دور شروع ہونے والا تھا جس کو پریس کا زمانہ کہا جاتا ہے۔ اس طرح آپﷺ کو وہ موافق اسباب ملے جنھوں نے آپ کو ایک مسلمہ شخصیت بنا دیا۔ اس طرح آپ کی لائی ہوئی کتاب محفوظ رہ کر پریس کے دور میں داخل ہو گئی۔ اس کے بعد یہ امکان ہی ختم ہو گیا کہ آپ کی لائی ہوئی کتاب میں کوئی تبدیلی کی جا سکے۔ محمد صلی اللہ علیہ وسلم خدا کے آخری رسول ہیں اور قیامت تک دنیا میں خدا کے واحد نمائندہ۔