سائنس کا ظہور

یورپ کی تاریخ میں چھٹی صدی عیسوی سے لے کر دسویں صدی عیسوی تک کے زمانہ کو تاریک دور(Dark Ages) کہا جاتا ہے۔یہ وہ زمانہ ہے جب کہ یورپ تہذیب وتمدن سے کامل طور پر دور تھا۔ یہ یورپ کے لیے ذہنی تاریکی اور وحشت کا دور تھا :

A period of intellectual darkness and barbarity (EB-3/380)

مگر اس تاریک دور کا تعلق صرف یورپ سے تھا۔ عین اس وقت جب کہ یورپ پر ’’ تاریک دور ‘‘ کا اندھیرا چھایا ہوا تھا، اسلامی دنیا میں تہذیب کی روشنی پوری طرح موجود تھی۔ برٹرینڈر سل کے الفاظ میں ، ٹھیک اسی زمانہ میں ، ہندستان سے اسپین تک اسلام کی عالیشان تہذیب ظہور میں آچکی تھی :

From India to Spain, the brilliant civilization if Islam flourished . (p. 395)

یہ اسلامی تہذیب جو سسلی اور اسپین میں داخل ہو کر یورپ کے اندر تک پہنچ چکی تھی ، اس نے یورپ کے لوگوں کو متاثر کیا۔ مغربی یورپ کے طلبہ اسپین کی اسلامی یونیورسٹیوں میں تعلیم کے لیے آنے لگے۔ مسلم دنیا کے بہت سے لوگ نکل کر یورپ پہنچے۔ جب یورپ والوں کو معلوم ہوا کہ مسلمان علم کے اعتبار سے ان سے بہت آگے جا چکے ہیں تو انھوں نے مسلمانوں کی کتابوں کا ترجمہ لاتینی زبان میں کرنا شروع کیا۔ انسائیکلو پیڈیا برٹانیکا (1984) کے مقالہ نگار نے لکھا ہے کہ اس وقت مسلمانوں میں ایسے کتب خانے تھے جن کی کتابوں کی تعداد 000،100جلدوں سے زیادہ تھی۔ وہ تمام بنیادی لٹریچر جس نے یورپ کی نشاۃ ثانیہ کو ابھارا ، وہ مسلم لائبریریوں کی عربی کتابوں کے ترجمہ سے حاصل کیا گیا تھا :

Most of the classical  literature that spurred the European Renaissance was obtained from translations of Arabic manuscripts in Muslim libraries . (EB-15/646).

موجودہ زمانہ میں کثر ت سے ایسے محققین پیدا ہوئے ہیں جنھوں نے واضح لفظوں میں اس واقعہ کا اعتراف کیا ہے کہ عربوں کی تحقیقات کے ذریعے یورپ میں جدید سائنس کا دور شروع ہوا، مثلاً گستاولی باں ، رابرٹ بریفالٹ ، جے ایم رابرٹس، مانٹگومری واٹ وغیرہ۔

اس لحاظ سے یہ کہنا صحیح ہو گا کہ یہاں جو بات کہی جا رہی ہے وہ عالمی طور پر ایک تسلیم شدہ بات ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ دوسرے لوگوں نے جس واقعہ کو ’’ تاریخ مسلم ‘‘ میں لکھ رکھا ہے ، اس کے متعلق ہمارا کہنا ہے کہ اس کو ’’تاریخ اسلام ‘‘ میں لکھا جائے۔ اس کو انسان کے خانہ سے نکال کر خدا کے خانے میں ڈال دیا جائے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom