اسلام کی دَین

اسلام نے اس سلسلہ میں دو اہم ترین کام انجام دیا ہے۔ ان میں سے ایک ہے ذہنی رکاوٹ  (mental block) کو دور کرنا۔ جو ترقی کی طرف سفر کرنے میں مانع بنی ہوئی تھی۔ دوسرے ، نئے ترقیاتی دور کا عملی آغاز کرنا۔ ذہنی رکاوٹ کو دور کرنے سے مراد اشیا کو تقدس کے مقام سے ہٹانا تھا۔ یہ بلا شبہ سب سے زیادہ مشکل کام تھا۔ یہ کام دورِ نبوت میں اور خلفائے راشدین کے زمانے میں پوری طرح انجام پا گیا۔

عملی آغاز کا کام اگرچہ پہلے دور میں شروع ہو چکا تھا ، تاہم اس کا باقاعدہ آغاز عباسی دور حکومت میں بیت الحکمت کے قیام (832ء) کے ساتھ ہوا۔ اس کے بعد اسپین اور سسلی میں عربوں کی حکومت کے زمانہ میں مزید طاقت کے ساتھ جاری رہا، اور آخر کار یورپ میں پہنچ کر جدید صنعتی انقلاب کا باعث بنا۔

یہ بات عام طورپر تسلیم کی جاتی ہے کہ موجودہ ترقیوں کا تعلق صنعتی انقلاب سے ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ یہ تمام ترقیاں صنعتی انقلاب کے بطن سے ظاہر ہوئی ہیں۔ اور خود صنعتی انقلاب زمین کے اندر چھپی ہوئی طاقتوں کے استعمال کا دوسرا نام ہے۔ انسان نے کوئلہ کو انرجی میں تبدیل کیا۔ اس نے بہتے ہوئے پانی سے جنریٹر چلا کر بجلی تیار کی۔ اس نے معدنی اشیاء کو نکال کر انھیں مشینوں کی صورت میں ڈھالا۔ اس طرح صنعتی انقلاب وجود میں آیا۔

اب سوال یہ ہے کہ یہ تمام چیزیں تو لاکھوں سال سے زمین کے اوپر موجود تھیں ، پھر اسلام سے پہلے کا انسان ان پر وہ عمل کیوں نہ کر سکا جس کے نتیجہ میں وہ ان سے ترقی یافتہ تمدن کو تشکیل دیتا۔ اس کا جواب صرف ایک ہے۔ اور وہ یہ کہ ’’شرک ‘‘ اس عمل کی راہ میں مانع تھا۔

شرک کیا ہے ، شرک نام ہے مظاہر فطرت کی پرستش کا۔بالفاظ دیگر، فطرت کی چیزوں کو مقدس ماننے کا ذہن۔ محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے تمام معلوم زمانوں میں انسان مظاہر فطرت کو معبود سمجھ کر ان کا پر ستار بنا ہوا تھا۔ یونانی تہذیب ، مصری تہذیب ، رومی تہذیب ، ایرانی تہذیب۔ غرض دور قدیم کی تمام تہذیبیں مشرکانہ تہذیبیں تھیں۔ دنیا کا ہر نمایاں واقعہ ، خواہ وہ زمین اور دریا اور پہاڑ ہو یا سورج اور چاند اور ستارے، سب کے سب انسان کے لیے پر ستش کا موضوع (object of worship) بنے ہوئے تھے۔ اسلام نے ان چیزوں کو پرستش کے مقام سے ہٹا کر تحقیق کا موضوع (object of investigation)بنایا۔ اس کے بعد ہی اس چیز کا آغاز ہوا، جس کو سائنسی انقلاب کہا جاتا ہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom