قدیم یونان
قدیم یونانی ذہن پر سب سے زیادہ غلبہ دیو مالا کا تھا۔ یونانی دیو مالا یا گر یک مائتھا لوجی (Greek mythology) ایک مفصل موضوع ہے، جس پر بڑی بڑی کتابیں لکھی گئی ہیں۔ حتی کہ ’’انسائیکلو پیڈیا آف گریک مائتھالوجی ‘‘ کے نام سے اس موضوع پر ایک مستقل انسائیکلو پیڈیا بھی موجود ہے۔
قدیم یونان میں دیوتاؤں اور ہیروؤں کے نام پر بے شمار عجیب وغریب قسم کی کہانیاں مشہور تھیں جن کو یونانی لوگ بالکل حقیقت کی طرح مانتے تھے۔ ایسے ماحول میں یہ ممکن نہ تھا کہ کوئی حقیقی سائنس ترقی کر سکے۔ شاعروں اور آرٹسٹوں کی خیال سازی کے لیے یہ ماحول موزوں تھا۔ چنانچہ ان کے درمیان کثرت سے شاعر اور آرٹسٹ پیدا ہوئے۔ مگر وہاں کا ماحول علمی تحقیق کے لیے موزوں نہ تھا۔ چنانچہ علمی محققین ، یا آج کی زبان میں سائنٹسٹ وہاں پیدا بھی نہیں ہوئے۔
قدیم یونان میں ہر چیز کے دیوتا تھے۔ ان کے بارے میں ان کے یہاں طلسماتی تصورات پھیلے ہوئے تھے۔ ایسی حالت میں شاعری اور آرٹ جیسی چیزوں کی ترقی کے لیے ان کے یہاں فضا پوری طرح موجود تھی۔ چنانچہ یونان میں اور یونان کے باہر دوسرے یورپی ملکوں میں ایسے بہت سے فن کا ر پید اہوئے جن کو یونانی دیو مالا سے ذہنی تحریک ملی۔ حتی کہ مغربی ادب پر یونانی دیو مالا کا اثر آج تک پایا جاتا ہے (EB-8/405-406)۔
یونانی تہذیب ، قدیم زمانے کی مشہور ترین تہذیب ہے۔ مگر وہ یورپ میں سائنس کے عمل کا آغاز نہ کر سکی۔ یہ کام صر ف اس وقت شروع ہوا، جب کہ مسلمانوں کے ذریعہ سائنسی طرز فکر یورپ تک پہنچا۔ شرک کا نظریہ مانع ترقی تھا ، توحید کا نظریہ فاتح ترقی بن گیا۔