سریہ کرزبن جابر الفہری
شوال6ھ
شوال6ھ میں قبیلہ عکل اورعرینہ کے چند لوگ مدینہ آئے اور اسلام قبول کیا۔ چند روز کے بعد انہوں نے کہاکہ ہم لوگ مویشی والے ہیں ہمارا گزارہ دودھ پر ہوتا ہے۔ غلہ کے عادی نہیں اور مدینہ کی آب و ہوا بھی ہمارے موافق نہیں۔ اس لیے اگر ہم کو شہر کے باہر صدقات کے اونٹوں میں رہنے اور دودھ پینے کی اجازت دیں تو بہتر ہے۔
آپ نے ان کو اجازت دے دی۔ وہاں وہ لوگ رہنے لگے۔ چند روز میں یہ لوگ تندرست ہوگئے۔ اس کے بعد وہ لوگ اسلام سے پھر گئے۔ انہوں نے چرواہے کو قتل کیا اور سارے اونٹ بھگا لے گئے۔ آپ نے کرز بن جابر فہری کو بیس آدمیوں کے ساتھ ان کے تعاقب میں روانہ کیا۔ سب گرفتار کیے گئے۔ آپ نے ان سے قصاص اور بدلہ لینے کا حکم دیا اور جس طرح ان لوگوں نے چرواہے کو قتل کیا تھا اسی طرح ان لوگوں کو بھی قتل کیا گیا۔
