انذار، تائید:تاریخ کا مطالعہ
تاریخ میں معنویت کی تلاش— ایک مستقل موضوع ہے۔ اس پر بہت سی کتابیں لکھی گئی ہیں۔ ایک مشہور کتاب برٹش مورخ آرنلڈ ٹائن بی کی ہے۔یہ کتاب بارہ جلدوں میں ہے، اس کا نام ہے:
A Study of History by Arnold Toynbee (1934-61)
اس موضوع سے متعلق بنیادی باتیں قرآن سےبھی معلوم ہوتی ہیں۔ موجودہ زمانے میں یہ موضوع اہل علم کی دلچسپی کا خصوصی مرکز بنا ہے۔ مطالعے کے ذریعے اس موضوع کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ راقم الحروف کے نزدیک، منصوبۂ تخلیق کے اعتبار سے، اس موضوع کو تین عنوانات کے تحت تقسیم کیا جاسکتا ہے:
- فطرت کا سفر (Journey of Nature)
- انسانی تاریخ کا سفر (Journey of Human History)
- جنت کا سفر (Journey of Paradise)
اس موضوع پر قرآن کی آیتوں کا مطالعہ کیا جائے تو اس کا خلاصہ یہ نکلتا ہے کہ خالق نے انسان کو پیدا کرکے اس کو زمین (planet earth) پر بسایا۔ یہاں انسان کے لیے ہر قسم کی آزادیاں فراہم کی گئی ہیں۔ ہر انسان کو یہ موقع دیا گیا کہ وہ آزادی کے ماحول میں تاریخ کا سفر شروع کرے۔ مگر اسی کے ساتھ خالق مسلسل طور پر انسانی تاریخ کی نگرانی کر رہا ہے۔ وہ انسانی آزادی کو بر قرار رکھتے ہوئے بار بار اس میں مداخلت کرتا ہے تاکہ انسانی تاریخ کا سفر کامل طور پر ڈی ریل (derail) نہ ہونے پائے۔ خالق جب بھی دیکھتا ہے کہ انسانی تاریخ درست راستے سے ہٹ رہی ہے تو وہ تاریخ میں جزئی مداخلت کرکےتاریخ کی گاڑی کو دوبارہ صحیح پٹری پر ڈال دیتا ہے۔انسانی تاریخ میں اس نوعیت کی مداخلت بار بار پیش آئی ہے۔اس معاملے کی وضاحت کے لیے ہم یہاں کچھ مثالیں درج کریں گے، جس سے انسانی تاریخ کی خدائی منصوبہ بندی کا اصول واضح طور پر سامنے آسکے۔