فضول خرچی نہیں

 قرآن میں دوآیتیں ان الفاظ میں آئی ہیں:وَآتِ ذَا الْقُرْبَى حَقَّهُ وَالْمِسْكِينَ وَابْنَ السَّبِيلِ وَلَا تُبَذِّرْ تَبْذِيرًا ۔ إِنَّ الْمُبَذِّرِينَ كَانُوا إِخْوَانَ الشَّيَاطِينِ وَكَانَ الشَّيْطَانُ لِرَبِّهِ كَفُورًا (17:26-27)۔ یعنی، اور رشتہ دار کوا س کا حق دو اور مسکین کو اور مسافر کو اور فضول خرچی نہ کرو۔ بے شک فضول خرچی کرنے والے شیطان کے بھائی ہیں، اور شیطان اپنے رب کا بڑا ناشکرا ہے۔

 یہاں جو حکم دیا گیا ہے اس کو منی مینجمنٹ (money management)کہا جا سکتا ہے۔ یعنی اپنی کمائی کو حقیقی ضرورت کے مطابق بااصول انداز میں خرچ کرنا اور بے فائدہ کاموں میں اپنا پیسہ خرچ کرنے سے بچنا۔ فضول خرچی کے معاملہ میں قرآن اتنازیادہ سنجیدہ ہے کہ اس نے فضول خرچی کو تبذیر ( پیسہ کو غیرذمہ دارانہ طور پر بکھیرنا) کہا ہے،اوراسے ایک شیطانی فعل قرار دیا ہے۔پیسہ کمانا جس طرح ایک کام ہے اسی طرح پیسہ کوخرچ کرنا بھی ایک کام ہے۔ صحیح طریقہ یہ ہے کہ آدمی اپنے پیسے کو درست طور پر خرچ کرے ۔وہ اپنے پیسہ کو ضائع نہ کرے ۔ پیسہ کو درست طور پر خرچ کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ خرچ کی ضروری مد (necessary expense)اور غیر ضروری مد (unnecessary expense) میں فرق کیا جائے ۔ پیسہ کو صرف ضروری مد میں خرچ کیاجائے اور غیر ضروری مدوں میں پیسہ کوخرچ کرنے سے مکمل طور پر پرہیز کیاجائے۔

قرآن ( 4:5) میں مال کو قیام کہا گیا ہے ۔ یعنی دنیا میں انسان کے قیام و بقا کا سامان ۔ حقیقت یہ ہے کہ مال زندگی کی تعمیر کے سلسلہ میں بے حد اہمیت رکھتا ہے ۔ مال ہر انسان کے پاس خدا کی ایک امانت ہے ۔ پیسہ کسی کو اس لیے ملتا ہے کہ وہ اس سے اپنی حقیقی ضرورتوں کو پورا کرے اور جو پیسہ اپنی حقیقی ضرورت سے زیادہ ہو اس کو سماج کی تعمیرکے لیے خرچ کرے ۔ یہی خرچ کی صحیح صورت ہے اور اسی میں فرد اور سماج کی ترقی کاراز چھپا ہوا ہے۔جو لوگ مال کو غیر ذمہ دارانہ طور پر خرچ کریں وہ بیک وقت دوسنگین برائیوں میں مبتلا ہیں۔ ایک اعتبار سے وہ ایک مقدس امانت میں خیانت کے مرتکب ہورہے ہیں اور دوسرے اعتبار سے وہ خودا پنی ذاتی تعمیر کے معاملہ میں بدترین ناعاقبت اندیشی کاشکار ہیں۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom