انتہاپسندی نہیں

 سورہ النساءمیں جو احکام دیے گئے ہیں ان میں سے ایک حکم یہ ہے کہ لوگ غلویا انتہاپسندی کا طریقہ اختیار نہ کریں۔ غلویا انتہاپسندی ہر حال میں بری چیز ہے۔ چنانچہ قرآن میں اہل کتاب کے حوالے سےارشاد ہواہے: يَاأَهْلَ الْكِتَابِ لَا تَغْلُوا فِي دِينِكُمْ وَلَا تَقُولُوا عَلَى اللَّهِ إِلَّا الْحَقَّ (4:171)۔یعنی، اے اہل کتاب، تم اپنے دین میں غلونہ کرو اور اللہ کے بارے میں تم کوئی بات حق کے سوانہ کہو۔

اس آیت میں جس روش کو غلو کہا گیاہے وہ وہی ہے جس کو انتہاپسندی( extremism) کہا جاتا ہے۔ انتہاپسندی بظاہر اچھی نیت کے ساتھ ہوتی ہے۔ اس کے پیچھے یہ جذبہ ہوتا ہے کہ کسی مقصد کو مزید قوت کے ساتھ حاصل کیاجائے۔ انتہاپسندی دراصل اعتدال پسندی کی ضد ہے۔

 انتہاپسندی کی روش بظاہر اچھی نیت کے ساتھ کی جاتی ہے مگرعملی نتیجہ کے اعتبار سے وہ سخت نقصان دہ ہے۔ اس دنیا میں کوئی صحیح یا مثبت نتیجہ ہمیشہ اعتدال کی روش کے ذریعہ حاصل ہوتا ہے۔  انتہاپسندی کی روش صرف نقصان پہنچاتی ہے وہ کسی فائدہ کا سبب نہیں بن سکتی ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس دنیا میں ہر کام خارجی اسباب کی رعایت کے ذریعہ انجام پاتا ہے۔ خارجی اسباب کا لحاظ نہ کرتے ہوئے جو اقدام کیاجائے گا وہ صرف تباہی کا سبب بنے گا۔

 انتہاپسندی اور اعتدال پسندی میں یہی فرق ہے۔انتہاپسند لوگ صرف اپنی خواہش کوجانتے ہیں ،وہ خارجی اسباب سے بے خبر رہتے ہیں۔اس کے برعکس، اعتدال پسندآدمی اپنی خواہش کے ساتھ خارجی اسباب کو بھی اپنے دھیان میں رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انتہاپسند آدمی ہمیشہ ناکام ہوتاہے اور اعتدال پسند آدمی ہمیشہ کا میاب رہتا ہے۔

غلویا انتہاپسندی ( extremism)ایک ایسی روش ہے جو فطرت کے قوانین کے خلاف ہے۔ کائنات کا مطالعہ بتاتا ہے کہ فطرت ہمیشہ اعتدال اور تدریج کے اصول پر کام کرتی ہے۔یہ اصول جو خارجی دنیا میں عملاً قائم ہے وہی اصول انسان کے لیے بھی مفید ہے۔ فطرت کانظام عمل کی زبان سے انسان کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ تم اپنی زندگی کوکامیاب بنانا چاہتے ہو تو غلو کو چھوڑ دو اور اعتدال کا  طریقہ اختیار کرو۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom