لفظ اورمعنی

قدیم عرب میں بہت سے بُت تھے۔ایک بڑے بت کانام’’منات‘‘تھا۔کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ عرب کا’’منات‘‘ اورہندستان کا’’سومنات‘‘ دونوں ایک ہی دیوتاکے دونام ہیں۔حالانکہ صوتی مناسبت کے سوااس نظریہ کے حق میں کوئی تاریخی دلیل موجود نہیں ۔

اسی طرح بعض عرب سیاح جب ہندستان آئے اورانھوں نے یہاں’’برھما‘‘کالفظ سنا تو انھوں نے یہ خیال قائم کرلیاکہ برھمااورابراہیم دونوںکی اصل ایک ہے ، اورہندستان کے برہمن ’’ابراہیم‘‘کی اولاد ہیں۔علامہ شہرستانی نے اس مسئلہ پر لکھا ہے کہ یہ محض ایک خیالی بات ہے (من الناس من يظن أنهم سموا براهمة لا نتسابهم إلى ‌إبراهيم عليه السلام وذلك خطأ)،اس کے حق میں تاریخی شواہد موجود نہیں ۔(الملل والنحل للشہرستانی، جلد3،صفحہ95)

حقیقت یہ ہے کہ اس قسم کی باتوں کا تعلق علم سے یاعلمی استدلال سے نہیں ۔یہ شاعری کی اس صنف کوتاریخ میں استعمال کرنے کی کوشش ہے جس کو ’’مناسبت ِلفظی‘‘کہاجاتاہے ۔

مناسبت ِلفظی کایہ طریقہ صرف لطیفہ گو لوگوں کے یہاں رائج نہیں۔بہت سے لوگ حقیقی معاملات میں بھی اس طریقہ کواختیارکیے ہوئے ہیں ۔کوئی شخص ایک مذہبی نظریہ گھڑتاہے اوراس کے حق میں اس قسم کی لفظی دلیل دے کریہ سمجھتاہے کہ اس نے اپنی بات کوآخری طورپر ثابت کر دیا ہے ۔کوئی شخص ایک سیاسی پروگرام بناتاہے اوراس پر پوری ایک قوم کو دوڑا دیتا ہے ۔ حالاںکہ اس سیاسی پروگرام کے حق میں ایک لفظی نکتہ کے سواکوئی حقیقی دلیل موجود نہیں ہوتی ۔

الفاظ کے مجموعہ سے معنوی حقائق برآمد نہیں ہوسکتا۔اسی طرح اس قسم کی تحریکوں اوراس قسم کے ہنگاموں کاکوئی حقیقی نتیجہ نہیں نکل سکتا۔اورنہ اب تک ان کاکوئی نتیجہ نکلاہے ۔یہ دنیاحقائق کی دنیاہے ۔آدمی کوچاہیے کہ وہ لفظی نکتوں اورمعنوی حقیقتوں میں فرق کرے۔وہ لفظی نکتوں کی بنیاد پر کوئی پروگرام نہ بنائے۔بلکہ حقائق کی بنیاد پر غوروفکرکے بعداپناپروگرام ترتیب دے۔حقیقی کلام وہ ہے جو مناسبت ِمعنوی پر مبنی ہو،نہ کہ مناسبت ِ لفظی پر۔نتيجه خيزعمل وہ ہے جوحقائق کی بنیاد پر انجام دیاجائے، نہ کہ تخیلات کی بنیادپر۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom