کوالیٹی کی اہمیت
فارسی زبان کا ایک ضرب المثل ہے— جو شمشیر زنی کرتا ہے، اُسی کا سکہ چلتا ہے:
ہر کہ شمشیر زند، سکّہ بنامش خوانند
یہ مثل قدیم زمانے کا مثل ہے، جب کہ دنیا میں فیصلے کی بنیاد جنگ ہوا کرتی تھی۔ مگر اب سائنس کا زمانہ ہے۔ اب دنیا میں سب سے زیادہ اہمیت اعلیٰ کوالیٹی (quality) کی ہوگئی ہے۔ اب انھیں لوگوں کی اہمیت ہے، جن کے پاس دوسروں کو دینے کے لیے اعلیٰ کوالیٹی کا پروڈکٹ ہو— کوالیٹی ایجوکیشن، کوالیٹی انڈسٹری، کوالیٹی علاج، کوالیٹی مینجمنٹ، کوالیٹی سپلائی، کوالیٹی بیہیویر، وغیرہ۔ موجودہ زمانے میں اعلیٰ کوالیٹی کی اہمیت اتنی زیادہ ہے کہ آپ خواہ جس شعبے میں ہوں، اگر آپ اعلیٰ کوالیٹی کا ثبوت دیں، تو یقینی طور پر آپ کامیاب رہیں گے۔
موجودہ زمانے میں آپ کو حقوق طلبی کی مہم چلانے کی ضرورت نہیں۔ آپ کو نہ ظلم اور سازش پر احتجاج کرنا ہے، اور نہ رائٹ ایکٹوزم کی مہم چلانا ہے۔ آج کی دنیا ایک کھلا بازار ہے۔ آپ کسی بھی شعبہ میں لوگوںکواعلیٰ کوالیٹی کا ریزلٹ دینا شروع کردیں، تو آپ کی کامیابی اتنی زیادہ یقینی ہوجائے گی کہ جس کو کوئی چیلنج نہ کرسکے۔ مجھے ایک شخص کا قصہ معلوم ہے، وہ یوپی کے ایک گاؤں میں پیدا ہوا۔ پھر وہ گھر کے حالات سے تنگ آکر بمبئی چلا گیا۔بمبئی میں اس نے معمولی مزدور کی حیثیت سے گھروں کی پینٹنگ کا کام شروع کیا۔ دھیرے دھیرے اس کا کام اتنا زیادہ بڑھا کہ پورے بمبئي میں پھیل گیا۔ اس کی کامیابی کا راز صرف ایک تھا، اور وہ ہے اعلیٰ کوالیٹی پینٹنگ۔
موجودہ زمانے میں اعلیٰ کوالیٹی کامیابی کا واحد راز ہے۔ ناخن کٹر (nail cutter) سے لے کر کار تک، ہر چیز میں کامیابی کا راز یہ ہے کہ آپ لوگوں کو اعلیٰ کوالیٹی کا پروڈکٹ دیں۔مثلاً آپ کی ڈیلنگ اعلیٰ کوالیٹی کی ڈیلنگ ہو ۔آپ کاکردار ہر معاملے میں قابلِ پیشین گوئی کردار (predictable character) ہو۔