خوشی کا راز
خوشی (happiness)کا راز کیا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف رائیں ہیں۔ایک آئی اے ایس افسر مسٹر اونیش سرن (@AwanishSharan) نے 21 مئی 2022 کو ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک حقیقی ویڈیو شیئر کی،جس سے خوشی کے راز کو سمجھا جاسکتا ہے۔ اس خبر کو ہندستان ٹائمس نے بھی اپنی ویب سائٹ پر22 مئی 2022 کو اس عنوان کے تحت شائع کیا ہے— سیکنڈ ہینڈ سائیکل خریدنے کے بعد باپ اور بیٹے کا اظہارِ خوشی آپ کے دل کومسرت اور رحم کے جذبے سے بھردے گا:
"Man and his son’s reaction on buying a second-hand bicycle will melt your heart."
ویڈیو میں یہ دکھایا جارہا ہے کہ ایک غریب آدمی سیکنڈ ہینڈ سائیکل خریدکر اپنی چھوٹی سی جھونپڑی کے پاس لاتا ہے، اور خوشی خوشی اس کی آرتی اتارتا ہے، اور اس کا کم عمر بیٹا بھی خوشی سے اچھلتا اور ناچتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔مسٹر اونیش سرن نے اس ویڈیو کے لیے یہ بامعنی کیپشن دیا ہے— یہ صرف ایک سیکنڈ ہینڈ بائیسکل ہے، مگر ان کے چہرے کی خوشی کو دیکھیے، گویا انھوں نے مرسیڈیز بینز خرید لی ہو:
"It’s just a second-hand bicycle. Look at the joy on their faces. Their expression says, they have bought a New Mercedes Benz."
اس خوشی کا راز کیا ہے۔ اس ویڈیو پرونیت سود( @VineetSood15) نامی ایک صاحب نے بامعنی کیپشن لکھا ہےکہ’’ یہاں اصل چیز سائیکل یا کار نہیں، بلکہ وہ کتنا زیادہ قناعت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ زندگی بہت آسان ہے، ہم انسان مادی حرص کے ذریعہ اپنی زندگی کو مشکل بنادیتے ہیں‘‘:
"The Issue is not a cycle or a car, but how contended they are. Life is very simple, but we burden it with material desires."
قناعت سادہ عمل نہیں۔ حرص خوشی کا قاتل ہے، اور قناعت خوشی کا دروازہ۔ اس سلسلے میں مولانا وحید الدین خاں کے الفاظ قابلِ غور ہیں کہ’’ قناعت کا جذبہ آدمی کے اندر یہ نفسیات پیدا کرتا ہے کہ وہ ایک پایا ہوا انسان ہے۔ اور جو آدمی اپنے آپ کو پایا ہواانسان سمجھے وہ کبھی جھنجھلاہٹ اور منفی سوچ کا شکار نہیں ہوسکتا‘‘۔ (ماخوذ، الرسالہ جون، 2016) ڈاکٹر فریدہ خانم