دعوتی ماحول
برمنگھم میں کئی چھوٹی بڑی مسجدیں ہیں۔ برمنگھم میں قیام (ستمبر 2001)کے دوران ایک سڑک سے گزرتے ہوئے ایک بڑی مسجد نظر آئی۔ اس کے اوپر جلی حرفوں میں لکھا ہوا تھا— قرآن پڑھیے، جو کہ آخری عہد نامہ ہے:
Read Al-Qur’an, the Last Testament.
مسجد کی بیرونی سمت میں لگا ہوا یہ بورڈ علامتی طور پر یہ بتارہا تھا کہ مغربی دنیا میں اسلام کی تبلیغ کے کھلے مواقع موجود ہیں۔ ان مواقع کو استعمال کرنے کی شرط صرف ایک ہے، اور وہ یہ کہ مسلمان اپنی کسی روش سے داعی اور مدعو کے درمیان نفرت کی فضا قائم نہ کریں۔ معتدل فضا میں اسلام کی اشاعت ہوتی ہے، اور نفرت اور تناؤ کی فضا میں اسلام کی اشاعت کا عمل رک جاتا ہے۔