اسلام کیا ہے
اسلام کے لفظی معنیٰ ہیں: سب مشن submission))، یعنی سب مشن ٹو گاڈ۔سب مشن، دراصل انسان کی طرف سے خدا کے لیے اُس فطری رسپانس کا نام ہے جو خدا کی معرفت کے بعد انسان کے اندر پیدا ہوتاہے۔ اِسی سب مشن سے وہ زندگی بنتی ہے جس کو اسلامی زندگی کہا جاتاہے۔
خدا کی معرفت کیا ہے۔ خدا کی معرفت اُس ہستی کی معرفت ہے جس نے انسان کو پیدا کیا، جس نے انسان کے لیے وسیع کائنات میں زمین جیسا استثنائی کُرہ بنایا، جس نے انسان کو ایک ایسی شخصیت عطا کی، جیسی شخصیت وسیع کائنات میں کسی اور کو عطا نہیں ہوئی، جس نے ہماری دنیا میں وہ انوکھا سسٹم قائم کیا جس کو لائف سپورٹ سسٹم کہا جاتا ہے۔
اُس کی یہ دریافت یہیں تک نہیں رُکتی، بلکہ وہ دریافتوں کے ایک پراسس کی صورت میں اُس کی زندگی میں شامل ہوجاتی ہے۔ اب وہ خدا کے ساتھ اپنے تعلق کو دریافت کرتا ہے۔ وہ اس حقیقت کو دریافت کرتاہے کہ میں آزاد نہیں ہوں، بلکہ میں خداکے حکم کے ماتحت ہوں۔ دریافت کا یہ پراسس (process)آگے بڑھتا ہے۔ وہ اُس کو بتاتا ہے کہ وہ آزادنہیں ہے، بلکہ وہ خدا کے سامنے جواب دہ (accountable) ہے۔۔ موت اُس کی زندگی کا خاتمہ نہیں ہے، بلکہ موت کے بعد ایک اور زندگی شروع ہوتی ہے جہاں وہ خدا کے سامنے حاضر ہوجاتا ہے، تاکہ خدا اس کے ابدی مستقبل کے بارے میں اپنے آخری فیصلے کا اعلان کرے۔
یہ پراسس جاری رہتاہے، یہاں تک کہ وہ دریافت کرتاہے کہ زندگی کا خاتمہ یاتو ابدی جنّت کی صورت میں ہونے والا ہے، یا ابدی جہنّم کی صورت میں۔ یہ دریافت اُس کو بے حد سنجیدہ بنادیتی ہے۔ اب وہ اپنی زندگی کی نئی منصوبہ بندی کرتا ہے۔ اب وہ ہرچیز کو ری ڈفائن (redefine)کرتا ہے۔ پہلے اگر اُس کی سرگرمیاں خود رُخی (self-oriented)تھیں تو اب اُس کی تمام سرگرمیاں خدا رُخی (God-oriented)بن جاتی ہیں۔اِسی طرزِ حیات کا نام اسلام ہے۔