اسلامی زندگی کیا ہے
اسلامی زندگی کیاہے۔ اسلامی زندگی کسی قسم کے پراسرار فضائل میں عقیدہ رکھنے کا نام نہیں ہے۔اسلامی زندگی یہ نہیں ہے کہ آپ اپنے لیے ایک قسم کی ظاہری شناخت(identity) اپنا لیں۔ اسلامی زندگی کچھ بے روح قسم کے اعمال کو دہرانے کا نام نہیں ہے۔ اسلامی زندگی اسلام کے نام پر سیاسی ہنگامہ آرائی کرنے کا نام نہیں۔ اسلامی زندگی فقہی بحث و مباحثہ میں جینے کا نام نہیں۔ اسلامی زندگی یہ بھی نہیں کہ ملت کے نام پر کچھ قومی طرز کے کام کیے جائیں۔ اسلامی زندگی یہ نہیں ہے کہ آپ کا نام اسلام محمد یادین محمد رکھ دیا جاۓ۔
اسلامی زندگی دراصل معرفت الٰہی کی بنیاد پر قائم ہوتی ہے۔حدیث میں ہے:رَجُلٌ قَلْبُهُ مُعَلَّقٌ فِي الْمَسَاجِدِ (صحیح البخاری، حدیث نمبر660)۔ یعنی آخرت میں اللہ کی رحمت کے مستحق لوگوں میں سے ایک وہ انسان ہوگاجس کا دل مسجد میں اٹکا ہوا ہو۔ اس حدیث میں جو بات بتائی گئی ہے، بظاہر اس کا تعلق مسجد سے ہے، لیکن وہ ایک عام انسانی صفت ہے۔ اصل یہ ہے کہ ہر انسان کی کوئی ’’مسجد‘‘ ہوتی ہے۔ اس کا دل ہر لمحہ اپنی اس مسجد سے اٹکا ہوا ہوتا ہے۔ وہ کسی لمحہ اپنی اس مسجد سے غافل نہیں ہوتا۔اسلامی زندگی یہ ہے کہ آپ اللہ کی یاد میں جینے لگیں۔اسلامی زندگی یہ ہے کہ آپ اللہ سے ڈرنے والے اور اللہ سے محبت کرنے والے بن جائیں۔ اسلامی زندگی یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کا سپریم کنسرن (supreme concern) بن جائے۔ اسلامی زندگی یہ ہے کہ آپ سب سے زیادہ جہنم سے بھاگیں۔ آپ سب سے زیادہ جنت کے طالب بن جائیں۔ اسلامی زندگی یہ ہے کہ آپ کی زندگی اللہ کے رنگ میں رنگ جائے۔
اسلامی زندگی زمین پر قائم نہیں ہوتی، بلکہ وہ خود انسان کے اپنے وجود پر قائم ہوتی ہے۔ اسلامی زندگی یہ ہے کہ آپ انسان رہتے ہوئے فرشتوں کے ماڈل کو اپنا لیں۔اسلامی زندگی یہ ہے کہ آپ دنیا میں رہتے ہوئے آخرت کی مخلوق بن جائیں۔ اسلامی زندگی یہ ہے کہ آپ کی شخصیت ایمان کے لحاظ سے درخت کے مانند ایک ترقی پذیر شخصیت بن جائے۔اسلامی زندگی یہ ہے کہ اسلام آپ کے پورے وجود کی پہچان بن جائے۔
