شخصیت پرستی، تربیت سازی

23 نومبر 2024 کو نظام الدین ویسٹ میں سی پی ایس انٹرنیشنل کے نئے سینٹر کا افتتاح کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایک فرق کو سمجھنا ضروری ہے۔ وہ یہ کہ شخصیت پرستی ایک چیز ہے، اور کسی شخصیت کے علم و حکمت سے زندگی کی سیکھ (learning) حاصل کرنی الگ بات۔ شخصیت پرستی (personality cult) کا مطلب ہے کسی انسان کی ذات کے بارے میں غلو آمیز رویہ اختیار کرنا،اس کی ذات کو بڑھا چڑھا کر لوگوں کے سامنے پیش کرنا۔ حدیثِ رسول میں اسی قسم کی شخصیت پرستی سے منع کیا گیا ہے(صحیح البخاری، حدیث نمبر 3445)۔ اس کے برعکس، کسی انسان کے علم و حکمت سے استفادہ کرنا، اور اس کو پھیلانا، اسلام میں پسندیدہ عمل ہے۔اسلام کی پوری تاریخ میں یہ عمل جاری رہا ہے۔ اسلامی لٹریچر میں اس کا مطالعہ کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے کی ایک متعلق حدیث یہ ہے۔ حضرت ابوبکرہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہا:اغْدُ عَالِمًا أَوْ مُتَعَلِّمًا أَوْ مُسْتَمِعًا أَوْ مُحِبًّا وَلَا تَكُنِ الْخَامِسَ فَتَهْلَكَ(مسند البزار، حدیث نمبر 3626)۔ یعنی، علم پھیلانے والے بنو، یا علم سیکھنے والے بنو، یا علم کو دھیان سے سننے والے بنو، یا علم سےمحبت کرنے والے بنو، مگرپانچویں نہ بنو ورنہ تم تباہ ہوجاؤگے۔

سی پی ایس انٹرنیشنل اور اس کے نئے سینٹرکا مقصد کیا ہے،اس کو مولانا وحید الدین خاں صاحب کے ان الفاظ سے سمجھا جا سکتا ہے:

’’ڈاک سے ایک لفافہ موصول ہوا۔ اس میں ایک دینی ادارے کے ہفت روزہ میگزین کے ایک صفحے کی فوٹو کاپی تھی۔ یہ مضمون ادارے کے بانی کے بارے میں ہے۔اس مضمون کا عنوان ہے ’’چراغِ عالم اسلام تھے‘‘۔ اس عنوان کے نیچے جو مضمون ہے وہ گویا نثر میں شاعری ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مضمون نگار نے نعت کے تمام شاندار الفاظ بانیِ ادارہ کی قصیدہ خوانی میں صرف کردیے ہیں۔اس مضمون کو دیکھ کر مجھے خیال آیا کہ میری وفات کے بعد جو لوگ میری تعریف میں اس قسم کے قصیدے لکھیں گے، وہ میرے جھوٹے ماننے والے ہوں گے۔ میرے حقیقی ماننے والے وہ ہیں، جو میرے مشن کو لے کر آگے بڑھیں، جو میرے اس دنیا سے جانے کے بعد اس دینی جدوجہد کے لیے پہلے سے زیادہ سرگرم ہوجائیں۔

میرا کام اللہ کے سچے دین کا اعلان واظہار ہے۔ میری ساری دلچسپی صرف اس بات سے ہے کہ اللہ کی بڑائی بیان کی جائے۔ پیغمبر اسلام کی لائی ہوئی ہدایت کو آج کے انسانوں تک پہنچایا جائے۔ لوگوں کو آنے والے ہولناک دن سے ہوشیار کیا جائے۔میرے بعد جولوگ میرے اس مشن کے لیے سرگرم ہوں وہی میرے سچے ساتھی ہیں۔ اور جو لوگ نظم و نثر میں میری تعریف کریں، ان سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ ان کی راہ الگ ہے اور میری راہ الگ۔‘‘(ڈائری23 اپریل 1985)

سی پی ایس انٹرنیشنل مولانا کے حکمت و معرفت پر مبنی علمی میراث کو آگے بڑھانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ یعنی اسلام کو عصری اسلوب میں تمام انسانوں کے سامنےپیش کرنا۔ ماڈرن فکری چیلنج کے مقابلے میں اسلام کے لیے موجود نئے امکانات کی طرف رہنمائی کرنا۔قرآن کو خدا کے منصوبہ تخلیق کے اعتبار سے تمام انسانوں کے لیے قابلِ فہم بنانا، اوران کی اپنی زبان میں آسانی سےدستیاب کرانا، وغیرہ۔

مولانا کی تحریر و تقریر سے انسان میں کتنی تبدیلی آئی ہے، اس کو جاننےکے لیے الرسالہ خبرناموں کا مطالعہ کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ الرسالہ کے خصوصی شمارہ داعی ِاسلام مولانا وحیدالدین خاں (اگست ستمبر 2021) کا بھی مطالعہ کیا جا سکتا ہے۔ اس میں مشہور مسلم اسکالر ڈاکٹر محمد اکرم ندوی، ڈین آکسفرڈ اسلامک سینٹر کا بھی مضمون ہے۔ انھوں نے اپنے مضمون میں اس حقیقت کا اعتراف ان الفاظ میں کیا ہے کہ ’’كون ہے جو اس كا اعتراف نه كرے كه مولانا نے بے شمار انسانوں كے ذہنوں كو متاثر كيا، ان كى تحريروں نے جديد تعليم يافته طبقه كى رہنمائى ميں بڑا كردار ادا كيا، انہوں نے مثبت اور پرامن طريقه سے ٹھوس اور پائيدار كام كرنے كا نمونه پيش كيا، اور كتنے مايوس لوگوں كو ياس ونا اميدى سے نكالا اور انہيں جينے كا حوصله ديا ‘‘۔اسی طرح ذوالفقار خان نامیایک صاحب اپنے فیس بک وال پر لکھتے ہیں کہ ’’مولانا وحید الدین خان کی کتب انسانی رویےكو بدلنے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ہر صفحہ سبق آموز ہوتا ہے‘‘۔

اس قسم کے تاثرات گویا اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ جن تحریروں اور تقريروں نے پہلے بے شمار لوگوں کی زندگیاں بدلی ہیں، اب ان کو ایسے لوگوں تک پہنچانا چاہیے، جن کو یہ پیغام اب تک نہیں مل سکا ہے۔ سی پی ایس انٹرنیشنل کا یہی مقصد ہے۔اور اسی مشن کو لے کر ہمیں آگے بڑھنا ہے۔(ڈاکٹر فریدہ خانم)

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom