خبرنامہ اسلامی مرکز— 284
- 23 اور 24 نومبر 2024 کو نظام الدین ویسٹ میں سی پی ایس انٹرنیشنل کے نئے سینٹر کا افتتاح هوا۔ اس اہم موقع پرہندستان اور بیرونِ ملک سے سی پی ایس کے ممبران نے شرکت کی۔ سی پی ایس کے مشن اور مقصد پر روشنی ڈالی گئی اور بانیِ مشن مولانا وحیدالدین خان کی زندگی اور خدمات کو یاد کیا گیا۔ ڈاکٹر فریدہ خانم، ڈاکٹر ثانی اثنین خاں،ڈاکٹر رجت ملہوترا،مسٹر نودیپ کپور، مسٹر خرم قریشی، مسٹر فراز خان، مسٹر وکرانت ڈاگر،مسٹر مونس اقبال اور مز استتھی ملہوترا (نئی دہلی)، محترمہ فاطمہ سارہ (بنگلور)، مولانا سید اقبال عمری (تامل ناڈو)، مولانا فیاض الدین عمری (گلبرگا)،مولانا شمس الدین ندوی (بھوپال)،مسٹر اسد پرویز (امریکا)،مسٹر ساجد انور (یو اے ای)،عبد الصمد صاحب (پونے)،حافظ ابوالحکم دانیال (پٹنہ)، ڈاکٹر محمد اسلم خان (سہارن پور)، مسٹرمحمد عبد اللہ (کولکاتا)، مسٹر حمید اللہ حمید اور مسٹر عامر موری (کشمیر)، مسٹرسلیم وانی (راجوری)، ایاز صاحب (جمشید پور)،محترمہ فہمیدہ خانم (فیض آباد)، اوران کی ٹیم کے لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر مولانا وحیدالدین خان کی کتابوں کے انگریزی اور دیگر نیشنل و انٹرنیشنل زبانوں میں ترجمه شدہ کتابیں بھی ریلیز کی گئیں، جن کی تعداد 41 تھی۔ مثلاًGod and the Universe(ترجمہ: خداکی دریافت(، The Issue of Blasphemy(ترجمہ: شتم رسول کا مسئلہ) اورShared Wisdom،وغیرہ۔ اس پروگرام سے تمام شرکاء معرفت و دعوت کی جدو جہد کے لیے نیا عزم لے کر واپس ہوئے۔
- اس افتتاحی تقریب میں ایک نہایت اہم چیز ریلیز كيگئی،سی پی ایس چیٹ بوٹ (CPS Chatbot)۔ یہ چیٹ بوٹ مولانا وحیدالدین خان کی کتابوں اور ان کی قرآن کی تفسیر اور ترجمہ کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔ اسلام، روحانیت، امن اور زندگی کے چیلنجز کے بارے میں سوال کریں اوریہ چیٹ بوٹ آپ کو مولانا وحید الدین خاں صاحب کے لٹریچر پر مبنی جواب دے گا۔اس چیٹ بوٹ کو استعمال کرنے کے لیےيه QR کوڈ اسکین کریں۔
وضاحت: یہ چیٹ بوٹ ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے۔ اگر کسی سوال کا جواب درست نه هو یا آپ کے پاس اس بوٹ کو بہتر بنانے کی کوئی تجویز ہو، تو براہ کرم ہمیں اس ای میل پر مطلع کریں :
- 4 سے 6 اکتوبر 2024 کو مالیگاؤں میں ايك سی پی ایس میٹ رکھی گئی۔اس میٹ میں مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے 18 ممبران شریک ہوئے۔وہاں انھوں نے آپس میں معرفت بیسڈ انٹرایکشن کیا، اور دعوتی کام کو کیسے آگے بڑھایا جائے، اس پر غور وفکر کیا۔ تمام ممبران نے خدا کے کام کے لیے نئی اسپرٹ کے ساتھ آگے بڑھنے کا عزم کیا۔
- ڈاکٹر محمد اسلم خان (سی پی ایس سہارنپور) نےاطلاع دی ہے کہ 16 نومبر 2024 کو چندی گڑھ یونیورسٹی نے سہارنپور کے ہوٹل Oasisمیں ایک ایجوکیشنل پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اسلم خان بھی مدعو کیے گئے تھے۔ انھوں نے تمام معزز مہمانوں کے درمیان انگریزی اور ہندی تراجم قرآن اور دیگر کتابیں بطور تحفہ تقسیم كيں۔
- کیپٹن خرم قریشی، جو اس وقت ایئر انڈیا میں خدمات انجام دے رہے ہیں، بیرون ملک سفر کرتے رہتے ہیں اور سی پی ایس انٹرنیشنل کی آئڈیالوجی سے لوگوں کو متعارف کرواتے ہیں۔ مثلاً 24 اکتوبر 2024 کو انھوں نے نیروبی (کینیا) میں مصطفی صاحب اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی۔ وہ ایک بڑی مسجد کے ٹرسٹی ہیں۔اس مشن کے بارے میں سن کر وہ لوگ بہت خوش ہوئے۔ سواحلی زبان میں ترجمۂ قرآن کو دیکھ کر ان کی خوشی بہت زیادہ بڑھ گئی۔ کیوں کہ سواحلی زبان میں اتنی اچھی زبان و طباعت کے ساتھ کوئی ترجمۂ قرآن موجود نہیں ہے۔اس کے بعد وہ لوگ خرم قریشی صاحب کو ایڈمز دعوہ سینٹرلے گئے، جووہاں کا ایک مشہور دعوتی ادارہ ہے۔ اسی كے ساتھ دیگر اسلامی تنظیموں کے ایسے افراد سے بھی رابطہ کروایا جو وهاں دعوتی کام کررہے ہیں۔تمام لوگوں نے نهايت شوق سے سی پی ایس مشن سے متعلق معلومات حاصل كيں۔وه سي پي ايس مشن اور سواحلی قرآن سےكافي متاثر ہوئے۔
- 11اگست2024 کو جامعہ ہمدرد یونیورسٹی کے طلبہ نےسی پی ایس انٹرنیشنل کے قرآن ہال، سی پی ایس سینٹر، نئی دہلی میں پرزنٹیشنز پیش کیا۔ان کے عناوین یہ تھے:سی پی ایس انٹرنیشنل اور اس کے بانی مولانا وحیدالدین خان کی شخصیت کا تجزیہ،مولانا وحیدالدین خان کی تحریروں کی روشنی میں اسلام اور عالمی امن،مولانا وحیدالدین خان کی تحریروں کی روشنی میں خدا کے تخلیقی منصوبے کا تعارف۔پروگرام کے بعد طلبہ نے کہا کہ انہیں سی پی ایس اور مولانا صاحب کی خدمات کے بارے میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ یہ پروگرام طلبا کے تعلیمی پروجیکٹس کا حصہ تھا، جس کے لیے جامعہ ہمدرد کے شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے سی پی ایس انٹرنیشنل سے درخواست کی تھی، اور مستقبل میں بھی سی پی ایس انٹرنیشنل کے تعاون سے وہ اپنے طلبا کے لیے اس نوعيت كاپروگرام ركھنا چاہتے ہیں۔ تمام شرکا کو ترجمۂ قرآن کے ساتھ مولانا وحید الدین خاں صاحب کی کتابوں کا ایک ایک سیٹ دیا گیا۔
- ڈاکٹر ریکو، ایک جاپانی اسکالر ہیں، اور مولانا وحید الدین خاں صاحب کی آئڈیالوجی پر جاپان میں ریسرچ کررہی ہیں۔ 9 اگست 2024 كو وہ سی پی ایس سینٹر تشریف لائیں اور اردو میگزین الرسالہ اور انگریزی میگزین اسپرٹ آف اسلام کے حوالے سے سی پی ایس انٹرنیشنل کی چیئر پرسن ڈاکٹر فریدہ خانم کا انٹرویو لیا۔ آخر میں ان کو سی پی ایس کی کتابوں کا ایک سیٹ دیا گیا۔
- 14-15 ستمبر 2024 کو، سی پی ایس انٹرنیشنل (بنگال چیپٹر) نے کولکاتا میں ایک امن کانفرنس منعقد کی۔ اس کانفرنس کا مقصد یہ تھا کہ بنگلہ زبان و کلچر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد جو مولانا صاحب کو جانتی اور پڑھتی ہے، وہ ان كي فكر کو آگے بڑھائے، يعني اسپریچولٹی، امن اور منصوبۂ تخلیق سے تمام انسانوں کو آگاہ کرنا۔ مغربی بنگال کے مختلف اضلاع سے تقریباً 90 افراد نے اس میں شرکت کی۔ پروگرام كا افتتاح سی پی ایس کی چیئرپرسن ڈاکٹر فریدہ خانم كے پیغام سے هوا جو انھوں نے ریکارڈكركےبھیجا تھا۔دیگر پروگراموں کے علاوہ میڈیا کے ذریعے سی پی ایس کے پیغام کو عام کرنے کے موضوع پر ایک خصوصی سیشن بھی منعقد ہوا۔اس کے علاوہ قرآن اسٹڈی اور ڈاکٹر ثانی اثنین خان اور ڈاکٹر راجت ملہوترا كے کی معرفت اور دعوت کے موضوع پر ویڈیو پیغامات سنائے گئے۔ کانفرنس کا اختتام مولانا وحید الدین خان کی تقریر ’’آخری پکار‘‘کے ذریعہ کیا گیا۔ اس پروگرام میں شریک ہونے والے تمام شرکا مشن کو آگے بڑھانے کے جذبے کے ساتھ رخصت ہوئے۔
- 5ستمبر 2024 کو کولکاتا میں CPS کی ممبر مز شبینہ علی کو مشینریز آف چیریٹی کے ایک بین مذاہب دعائیہ اجتماع میں مدعو کیا گیا،اور ’’Pilgrims of Hope‘‘ کے موضوع پر خطاب کے لیے کہا گیا۔انھوں نےاپنی تقریر میں مولانا وحیدالدین خان صاحب کا ذکر کیا اورموضوع سے متعلق خیالات شیئر کیے۔یہ تقریر حاضرین اور پینل کے شرکاء کو بہت پسند آئی۔بعد میں فادر روزاریو (Fr. Rosario)نے ان کو یہ پیغام بھیجا کہ ’’براہ کرم کل کی اپنی تقریر بھیجیں۔ میں چاہتا ہوں کہ اسے اپنے ہفتہ وار اخبار میں شائع کروں۔یہ بہت عمدہ ہے اوراس قابل ہے کہ دوسرے لوگ بھی اس کو پڑھیں۔‘‘ پروگرام کے بعد انھوں نے تمام شرکا کے درمیان سی پی ایس کا دعوتی لٹریچر تقسیم کیا۔
- 8 ستمبر 2024 کو وِدیا جیوتی کالج آف تھیولوجی نئی دہلی کے فادر وکٹر کی قیادت میں عیسائی پریسٹ کی تربیت حاصل کر نے والے طلبا کا ایک وفد سی پی ایس سینٹر (نئي دهلي) آیا۔ یہ ایک انٹرفیتھ ملاقات تھی۔ انہوں نے اسلام اور موجودہ دور کے حوالے سے سی پی ایس انٹرنیشنل کے ممبران کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔پروگرام کے بعد تمام لوگوں کو انگریزی ترجمۂ قرآن اور دوسرے دعوتی لٹریچر دیے گئے۔
- 5 اکتوبر 2024 کو ڈاکٹر رجت ملہوترا نے سی پی ایس انٹرنیشنل کی نمائندگی کرتے ہوئے پرانی دہلی میں مسلم نوجوانوں کے ایک اجتماع سے خطاب کیا۔ ان کی تقریر کا موضوع خدا کی محبت اور خدا کا ذکر تھا۔ وہ ہرمہینہ ان نوجوانوں سےکسی ایک اسلامی موضوع پر خطاب کرتے ہیں، اور پھر سوال و جواب کا سیشن ہوتا ہے۔
- 18 مئی 2024 کو مسجد ابراہیم کے ممبران نےعید ملن کا پروگرام منعقد کیا تھا۔ اس موقع پر کامٹی اور ناگپور کی معزز اور ذمہ دار شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔ شرکا میں سے زیادہ ترلوگ مراٹھی اور ہندی بولنے والے تھے۔ مہمانوں کے ساتھ ’’اسلام میں امن کی ترقی‘‘ کے موضوع پر بات چیت ہوئی، اور سی پی ایس کی جانب سے ہندی، مراٹھی اور انگریزی زبانوں میں امن سے متعلق لٹریچر تمام مہمانوں کو بطور گفٹ دیے گئے۔ تمام شرکا نے اس کو كافي سراہا اور اسے سماجی بھائی چارہ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔
- سی پی ایس انٹرنیشنل کے ممبران شادی کے مواقع کو بھی دعوتی کام کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ مثلاً، 30ستمبر 2024 کو CPS رائچور چیپٹر کے ممبر امجد احمد کی بیٹی کی شادی کی تقریب تھي۔ اس موقع پر تراجم قرآن اوردعوتی لٹریچر تمام مهمانوں کے درمیان تقسیم كيے گئے۔ اس کام میں فیاض الدین عمری (کلبرگی)اور عبدالسلام عمری (حیدرآباد) نے بھی حصہ لیا۔ انگریزی، کنڑا، تیلگو اور اردو زبانوں میں تراجم قرآن کے نسخے رکھے گئے تھے۔ لوگوں کا رسپانس بہت اچھا رہا(ظہیر الدین خواجہ، رائچور ٹیم)۔
- سی پی ایس لیڈیز ٹیم کی مز فہمیدہ خان نے خبر دی کہ 3 دسمبر 2024 کو انھوں نے ایودھیا میں ایک قریبی رشتہ دار کی شادی میں شرکت کی اور وہاں سی پی ایس انٹرنیشنل کی کتابوں کی تقسیم کے لیے ایک اسٹال لگایا۔دعوت ِ ولیمہ میں شریک ہونے والے لوگوں نے خوشی اور تعجب کے ساتھ اس کو دیکھا۔ کسی نے کہا: ’’آپ کا اسٹال اس شادی کی سب سے دلچسپ جگہ بن گیا ہے۔‘‘ لوگ یہ جان کر حیران تھے کہ کتابیں فری میں دستیاب ہیں۔ کچھ لوگوں نے وہیں بیٹھ کر ان کتابوں کو پڑھنا شروع کردیا اور بتایا کہ یہ کتابیں دیگر دینی کتابوں کے مقابلے میں بہت آسان اور قابلِ فہم ہیں۔ سپریم کورٹ کے ایک وکیل صاحب نے تبصرہ کیا: ’’ایودھیا میں اس طرح سے اسپریچول کتابیں تقسیم کرنا واقعی حیرت انگیز ہے۔‘‘ بہت سے لوگوں نے یہ طریقہ پسند کیا، اور خوشي خوشي كتابيں لے کر گئے۔
- 2024 میں ہندستان میں مختلف مقامات پر بک فیئر ہوئے۔ مثلاً سری نگر چنار کتاب میلہ (17 تا 25اگست)، لکھنؤ بک فیئر (27ستمبر تا 6اکتوبر)،اورنگ آباد بک فیئر(15تا 22 دسمبر)۔ مولانا سید اقبال احمد عمری اور مسٹر آصف خان نے مقامی ٹیم سی پی ایس کے تعاون سے ان بک فیئر کےاسٹال کا انتظام سنبھالا۔حیدر آباد بک فیئر (19 تا 29 دسمبر)، پرولیا،ویسٹ بنگال،بک فیئر(24تا30دسمبر)،چنئی بک فیئر (27دسمبر2024 تا12 جنوری 2025)، وجئے واڑہ،آندھرا پردیش،بک فیئر (2-12جنوری 2025)۔ ان کا انتظام سی پی ایس انٹرنیشنل کی علاقائی ٹیموں نے سنبھالا۔بلا تفریقِ مذہب و ملت کثیر تعداد میں کتابوں کی چاہت رکھنے والے اور سی پی ایس مشن سے محبت کرنے والے ہمارے اسٹال پر پہنچے، اور بچوں اور بڑوں کی کتابیں حاصل کیں۔ اسی طرح کثیر تعداد میں لوگوں نے اپنے لیے اور اپنے مسلم یا غير مسلم دوستوں کو بطور تحفہ دینے کے لیےمختلف زبانوں میں تراجم قرآن بھی حاصل کیے۔
- مولانا وحید الدین خاں صاحب کی کتابیں، اور تراجم قرآن عام لوگوں تک مختلف شکلوں میں پہنچائے جارهے هيں — ہارڈ کاپی، سافٹ کاپی، آڈیو فارمیٹ میں یوٹیوب اور اسپاٹیفائی وغیرہ پلیٹ فارموں پر۔ انگریزی ترجمۂ قرآن کی آڈیوکو اسپاٹیفائی اور دیگر پلیٹ فارمز پر 4.3 ملین سے زیادہ لوگوں نے ڈاؤن لوڈ کیا ہے۔اس آڈیو کو شان باریٹ (Sean Barrett)نے خوبصورت انداز میں ریکارڈ کیا ہے۔ آپ بھی اس کو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
Magazine :