تغییر منکر

حدیث میں آیاہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ:مَنْ رَأَى مُنْكَرًا فَاسْتَطَاعَ أَنْ يُغَيِّرَهُ بِيَدِهِ فَلْيُغَيِّرْهُ بِيَدِهِ (سنن ابو داؤد، حدیث نمبر 4340)۔یعنی تم میں سے جو شخص منکرکودیکھے اور وہ اس کو اپنے ہاتھ سے بدلنے کی استطاعت رکھتا ہوتو وہ اسے اپنے ہاتھ سے بدل دے۔اب ایک اورحدیث دیکھیے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عائشہ سے فرمایاکہ قریش نے جب کعبہ کی دوبارہ تعمیر کی تو انھوں نے اس کو ابراہیمی بنیاد سے گھٹاکربنایا۔حضرت عائشہ نے کہاکہ اے اللہ کے رسول!آپ اس کو ابراہیمی بنیاد کی طرف کیوں نہیں لوٹادیتے۔آپ نے فرمایاکہ اگر قریش ابھی نئے نئے مسلمان نہ ہوئے ہوتے تو میں ایساکردیتا(صحیح البخاری، حدیث نمبر 1584)۔

ان دونوں حدیثوں کا تقابلی مطالعہ کرنے سے معلوم ہوتاہے کہ تغییرمنکر کا حکم مطلق معنوں میں نہیں ہے بلکہ وہ ایک مقید حکم ہے ۔اگر وہ کوئی مطلق حکم ہوتاتو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ضرور ایسا کرتے ۔ یعنی مشرکینِ مکہ نے کعبہ کی تعمیر ثانی میں جوتبدیلی کی تھی اس کو ختم کرکے دوبارہ اس کو حضرت ابراہیم کی تعمیری بنیاد پر کھڑاکرتے۔

اس تقابلی مطالعہ سے یہ بھی معلوم ہوتاہے کہ تغییرمنکر میں صرف’’استطاعت‘‘ ہی کی شرط نہیں ہے بلکہ حکمت کی شرط بھی ہے ۔فتح مکہ کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عرب کے حکمراں ہوچکے تھے۔ آپ کو یہ استطاعت حاصل ہوچکی تھی کہ آپ کعبہ کوڈھاکر اسے ابراہیمی بنیاد پرتعمیر کردیں۔مگر آپ نے استطاعت کے باوجود ایسانہیں کیا۔کیوںکہ حدیث کے مطابق ،ایساکرناحکمت کے خلاف تھا۔

تغییرمنکرکے حکم کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آدمی جب کسی منکرکودیکھے تو فوراً اس کے خلاف اقدام شروع کردے۔اجتماعی زندگی میں کوئی اقدام صرف برائی کو دیکھ کر نہیں کیاجاتابلکہ حالات کو دیکھ کر کیاجاتاہے۔مومن پر لازم ہے کہ جب وہ کسی منکرکو دیکھے تو اس کے خلاف اقدام سے پہلے یہ سوچے کہ میرے اندراس کی حقیقی استطاعت ہے یانہیں ،اوراگربظاہر استطاعت ہوتب بھی ایسا کرنا حکمت کے مطابق ہے یانہیں۔استطاعت اورحکمت کی دوگونہ شرط کالحاظ کیے بغیرتغییرِمنکر کے لیے اٹھنافساد ہے ،نہ کہ اسلامی حکم کی تعمیل۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom