شکایت کے باجود

فتح مکہ کاواقعہ رمضان 8 ہجری میں پیش آیا۔ اس کے جلد ہی بعد شوال 8ھ میں غزوۂ حنین ہوا۔ فتح ِمکہ سے کچھ دنوں پہلے خالدبن الولیدنے مدینہ آکر اسلام قبول کیا تھا۔ اس کے باوجود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں مہموں میں حضرت خالد کومسلم لشکر کے ایک حصہ کاسردار بنادیا۔

یہ بات انصار کے اوپر شاق تھی۔ کیوں کہ انصار بہت پہلے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اوپر ایمان لاکر ہر طرح کی قربانیاں دے رہے تھے۔ جب کہ حضرت خالد ابھی نئے نئے اسلام میں داخل ہوئے تھے۔ آج کل کی زبان میں یہ گویاسینئر کے اوپر جونیر کوترجیح دینے کامعاملہ تھا۔ تا ہم اس شکایت کے باوجود تمام انصار رسول اللہ کے ساتھ رہے ،انھوں نے آپ کے ہر حکم کی اطاعت کی۔

خاتمۂ جنگ کے بعد عرب رواج کے مطابق شاعروں نے اس کے بارے میں اشعار کہے۔ ایک شاعر عباس بن مرد اس سلمی نے بھی اس موقع پر کچھ اشعار کہے ۔ اس میں ایک طرف انصار کے حوالے سےاس شکایت کا بھی تذکرہ تھا کہ آپ نے خالد کو ترجیح دی اور ان کو قوم کے اوپر امیر بنادیا (فَإِنْ تَكُ قَدْ أَمَّرْتَ ‌فِي ‌الْقَوْمِ ‌خَالِدًا)۔ مگر اسی کے ساتھ انصار کی ایمانی اسپرٹ کا ذکر ان الفاظ میں کیا ہے:

وَقَالَ نَبِيُّ الْمُؤْمِنِينَ تَقَدَّمُوا        وَحُبَّ إلَيْنَا أَنْ نَكُونَ الْمُقَدَّمَا

اور مسلمانوں کے نبی نے کہا کہ تم لوگ آگے بڑھو، تو ہمارے لیے یہ محبوب بن گیا کہ ہم آگے بڑھ کر مقابلہ کرنے والے ہوں (سیرت ا بن ہشام، جلد2 ،صفحہ470)۔

انصار کو اگر چہ ظاہری حالات کے مطابق شکایت تھی ۔ مگر اس شکایت کو انھوں نے اپنے عمل پر اثرانداز ہونے نہیں دیا۔ شکایت کے باوجود وہ تمام مسلمانوں کے ساتھ پوری طرح جڑے رہے۔ شکایت کے باوجود وہ اسلام کے محاذ پر متحدہ طاقت بن کر کھڑے ہوگئے۔

موجودہ دنیا میں یہ ناممکن ہے کہ باہم شکایتیں پیدا نہ ہوں۔ صحیح یاغلط اسباب کے تحت بہرحال ایک کو دوسرے سے شکایت پیداہوتی ہے ،حتی کہ رسول اور اصحاب رسول سے بھی۔مگر مومن شکایتوں سے بلند ہوتا ہے ، وہ شکایتوں سے اوپر اٹھ کر معاملہ کرتا ہے۔ اسی لیے مومنین کی جماعت میں کبھی ایسانہیں ہوتا کہ شکایت اور اختلاف ان کے اتحاد کو درہم و برہم کر دے۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom