جنت کی قیمت

دنیا میں آدمی سطحیت کی قیمت پاتا ہے، آخرت میں آدمی معنویت کی قیمت پائے گا ––––  یہی ایک لفظ میں دنیا اور آخرت کے معاملے کا خلاصہ ہے۔

 قرآن میں ارشاد ہوا ہے کہ : اور ان چیزوں کی طرف بالکل نہ دیکھو جن کو ہم نے کچھ گروہوں کو ان کی آزمائش کے لیے انہیں دے رکھا ہے۔ اور تمہارے رب کا رزق زیادہ بہتر اور باقی رہنے والا ہے۔ ولا تمدّنّ عينيك إلى ما متّعنابه أزواجا منهم زهرة الحياة الدنيا لنفتنهم فيه و رزق ربك خير وأبقى۔(طٰہٰ:  ۱۳۱)

 ایک شخص جس کو دنیا کی رونقیں ملی ہوئی ہوں، بظاہر وہ لوگوں کو قابلِ رشک دکھائی دیتا ہے۔ مگر حقیقت کے اعتبار سے وہ قابل ِرحم ہے۔ کیوں کہ اس کے گرد رونقوں کی فراہمی یہ بتاتی ہے کہ وہ خداکی آزمائش میں ناکام ہو گیا۔

موجودہ دنیا میں آدمی ہر آن دو چیزوں کے درمیان ہے۔ اس کے ایک طرف معنوی حقیقتیں ہیں۔ اور دوسری طرف ظاہری رونقوں والی چیزیں۔ جو آدمی معنوی حقیقتوں پر دھیان دے، وہ ظاہری رونقوں کی رعایت نہیں کر پاتا، اس لیے وہ ان کو حاصل کرنے سے محروم رہتا ہے۔ اس کے برعکس جو شخص ظاہری رونقوں والی چیزوں میں دل چسپی لے، وہ ان کی خوب رعایت کرتا ہے۔ اس لیے وہ ان کو پانے میں بھی کامیاب ہو جاتا ہے۔ مگر یہ پانا ایک محرومی کی قیمت پر ہوتا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہوتا ہے کہ اس نے" زہرۂ دنیا "کو پایا، مگر وہ "رزقِ رب" کی زیادہ قیمتی چیز کو نہ پاسکا۔

 جنت کو پانا آسان ہے۔ مگر جنت کسی آدمی کو ایک مہنگی قیمت پر ملتی ہے۔ اور وہ ہے––––ظواہر کے کھونے کو برداشت کرنا، اور معانی کو پا کر اس پر راضی رہنا۔ ظواہر میں محنت کا فائدہ نقد ملتا ہے، اور معانی میں محنت کا فائدہ ادھار رہتا ہے۔ ظواہر میں محنت کرنے والوں کو دولت، بھیڑ، عہدہ، عزت، ہر چیز فوراً حاصل ہو جاتی ہے۔ اس کے برعکس معانی میں محنت کرنے والے کو جو کچھ ملے گا آخرت میں ملے گا۔

ظواہر سے محرومی پر راضی ہونا گویا نا قابلِ برداشت کو برداشت کرنا ہے۔ یہی جنت کی قیمت ہے۔ جو لوگ اس ناقابل برداشت کو برداشت نہ کریں وہ جنت میں داخلہ کی خوشی بھی نہیں پا ئیں گے۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom