بدلہ لینا

قرآن میں ارشاد ہوا ہے : وإن عاقبتم فعاقبوا بمثل ما عوقبتم به، اگر تم بدلہ لو تو اسی کے مثل بدلہ لو جو تمہارے ساتھ کیا گیا ہے، (النحل: ۱۲۶ )

یہاں الفاظ بظاہر عام ہیں۔ مگر اس کا یہ مطلب لینا سراسر غلط ہوگا کہ کوئی شخص آپ کو گالیاں دے تو آپ بھی اس کے جواب میں اس کو اسی طرح گالیاں دینے لگیں۔ یہاں اگر چہ کوئی شرط مذکور نہیں مگر وہ یہاں مفہوم (understood) ہے۔ وہ شرط یہ کہ تم جو بدلہ لو وہ اسلامی اخلاق کے دائرےمیں ہو نہ کہ اس سے باہر۔ معروف اخلاقی حدود کے اندر رہتے ہوئے ہی ہم اپنے کسی مخالف کا جواب دے سکتے ہیں نہ کہ معروف اسلامی اور اخلاقی حدود کے باہر۔

 مثلاً اگر کسی نے ہمارے خلاف نعرہ لگایا ہے تو ہم اس کو پتھر نہیں مار سکتے۔ کسی سے ہم کو اصولی اختلاف ہے تو ہم الزام تراشی کے انداز میں اس کا جواب نہیں دے سکتے۔ کسی قوم کے ایک فرد نے زیادتی کی ہے تو ہم اس قوم کے دوسرے افراد سے اس کا بدلہ نہیں لے سکتے۔ کسی نے الفاظ کے ذریعہ ہماری دل آزاری کی ہے تو ہم گولی اور بم سے اس کو سزا نہیں دے سکتے۔ کسی نے ہم کو مالی نقصان پہونچایا ہے تو ہم اس کو قتل کر کے اس سے انتقام نہیں لے سکتے۔

اسی کے ساتھ اس کو بھی اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ بدلہ لینے کی بھی ایک حد ہے۔ مومن اسلامی اخلاق کے باہر جا کرکسی سے بدلہ نہیں لے سکتا۔ مثلاً کوئی گالی دے تو وہ اس کو گالی نہیں دے گا۔ کوئی الزام تراشی کرے تو وہ اس کے جواب میں الزام تراشی نہیں کرے گا۔ کوئی شخص کمینہ پن کا انداز اختیار کرے تو وہ اس کے لیے کمینہ نہیں بن جائے گا۔

ایسے مواقع پر مومن کو بدلہ لینے کے بجائے اعراض کرنا ہے۔ مومن اسلامی اخلاق کے دائرے میں بدلہ لے سکتا ہے۔ اگر معاملہ اسلامی اخلاق کے دائرے کے باہر کا ہو تو وہ خود صبر کرے گا اور معاملے کو اللہ کے حوالے کر کے خاموش ہو جائے گا۔

برابر کا بدلہ لینا اسلام میں جائز ہے۔ مگر بدلہ لینا اتنا نازک کام ہے کہ جو شخص اللہ سے ڈرتا ہووہ اس کو زیادہ محفوظ طریقہ سمجھے گا کہ بدلہ لینے کے بجائے اسے معاف کر دے۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom