فرضی نام

قرآن میں ایک سے زیادہ مقامات پر یہ بات کہی گئی ہے کہ پیغمبروں نے جب اپنی قوموں کے سامنے توحیدِ خالص کی دعوت پیش کی اور ان کے مزعومہ شریکوں کا انکار کیا تو لوگوں نے سخت رد ِعمل کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ کیا تم یہ چاہتے ہو کہ ہم صرف ایک اللہ کے عبادت گزار بنیں اور ان کو چھوڑ دیں جن کی عبادت ہمارے باپ دادا کرتے رہے ہیں۔ پیغمبر نے جواب دیا کہ کیا تم لوگ مجھ سے ان ناموں پر جھگڑتے ہو جو تم نے اور تمہارے باپ دادا نے رکھ لیے ہیں، جن کی کوئی سند خدا نے نہیں اتاری۔أ تجادلونني في أسماء سمیتموها أنتم وأباءكم ما نزّل الله بها من سلطان۔(الاعراف: ۷۱)

 نام رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ ایک عاجزچیز کو طاقت ور چیز کہنا۔ ایک پتھر کی مورت کو ایسے نام سے پکارنے لگنا جو اس کے لیے سزاوار نہیں۔ مثلاً قدیم عرب میں قبیلہ قریش کا ایک بت تھا جس کو وہ پوجتے تھے۔ اصل حقیقت کے اعتبار سے وہ صرف ایک بے جان پتھر تھا۔ مگر قریش نے اس کا نام عزّیٰ رکھ دیا تھا۔ عزیٰ کا لفظ أعزّ  کا مؤنث ہے۔ یعنی بہت معزز، بہت طاقت ور۔

قدیم زمانے میں اس طرح کے بے اصل نام زیادہ تر بتوں کے ہوا کرتے تھے۔ موجودہ زمانے میں پریس کے رواج نے اسی نوعیت کی ایک اور برائی کو بہت بڑے پیمانہ پر پیدا کیا ہے۔ اس نئی برائی کوا کا بر پرستی کہا جاسکتا ہے۔ موجودہ زمانے میں ہر قوم اپنی محبوب شخصیتوں کو بڑے بڑے لقب دیتی ہے۔ اس لقب کو پریس اور میڈیا کے ذریعہ مشہور کر کے لوگوں کے دماغوں میں اس طرح بٹھا دیا جاتا ہےکہ وہ کہنے لگتے ہیں کہ یہ شخصیتیں واقعۃ ً ویسی ہی ہیں جیسا کہ ان کے لقب میں انھیں بتایا گیا ہے۔

 قطب الاقطاب، غوث الاعظم، قائد اکبر،حکیم مشرق، حضرت اقدس، مجاہد اسلام، علامہ ٔزماں، شہید اعظم، مجتہد العصر، امام حریت، وغیرہ، سب اسی قسم کے نام ہیں جو لوگوں نے بطور خود رکھ لیے ہیں۔ انھیں مفروضہ القاب کا یہ نتیجہ ہے کہ ان شخصیتوں پر کوئی تنقید کی جائے تو لوگ فوراً بگڑ جاتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ فلاں شخص تو "حضرتِ اقدس "ہے، اس پر کیسے تنقید کی جاسکتی ہے، حالاں کہ حضرت اقدس کچھ لوگوں کا اپنا گھڑا ہوا نام ہے نہ کہ خدا کی طرف سے آیا ہو ا لقب۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom