امر بالمعروف، نہی عن المنکر

ایک خاتون کا خط مورخہ ۲۲ جنوری ۱۹۹۲ ہم کو ملا ہے۔ ان کا نام و پتہ یہ ہے : بلقیس کو ثر، ۲۲-۳-۱ کسان نگر، بھونگیر ۵۰۸۱۱۶ (ضلع نلگنڈا) انھوں نے اپنے یہاں کا ایک واقعہ لکھا ہے۔ یہ واقعہ انھیں کے اپنے لفظوں میں یہ ہے :

"ہمارے یہاں کے ایک صاحب جو اسکوٹر پر اپنے گھر کی طرف جارہے تھے۔ راستہ میں تین لڑکے جو ہمارے محلہ ہی کے تھے، جن میں دو مسلم تھے اور ایک ہندو، وہ بھی سڑک پر جارہے تھے۔ اچانک اسکوٹر ان سے ٹکرا گیا اور وہ صاحب اسکوٹر سے گر پڑے۔ غصے میں آکر انھوں نے اس لڑکے کو جو ہندو تھا، ایک تھپڑ مارا، اور پھر اپنے گھر چلے گئے۔ اس کے بعد وہ کار میں بیٹھے اور سیدھا پولس اسٹیشن جانے کے لیے نکل پڑے۔ ہمارے ابا جان نے ان سے پوچھا تو کہنے لگے کہ میں پولس اسٹیشن پر رپورٹ لکھوانے جارہا ہوں۔ اگر میں خاموش ہو گیا تو یہ اسی طرح کرتے رہیں گے۔ ابا جان نے منع کیا اور کہا کہ ایسے واقعات کی رپورٹ پولس اسٹیشن میں نہیں لکھوانا چاہیے۔ کیوں کہ اس سے بات بڑھ جائے گی اور مار پیٹ شروع ہو کر فساد کی نوبت آجائے گی۔ پہلے وہ صاحب نہیں مان رہے تھے۔ جب ۱۵- ۲۰ منٹ تک ان سے کہا کہ آئندہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ یہ اپنے محلہ کے لڑکے ہیں، وغیرہ تو آخر کار وہ صاحب مان گئے۔ اس طرح ایک بڑا جھگڑا ہونے سے رک گیا۔"

یہ واقعہ اس عمل کی ایک مثال ہے جس کو شریعت میں امر بالمعروف نہی عن المنکر کہا گیا ہے۔ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر یہی ہے کہ ماحول کے اندر جب مذکورہ قسم کے حالات پیدا ہوں تو ایک یا چند افراد فوراً اس کی اصلاح کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔ وہ لوگوں کے جذبات کو ٹھنڈا کریں۔ وہ ان کو منصفانہ عمل کی تلقین کریں۔ وہ ان کو ایسے اقدامات سے روکیں جن کا نتیجہ جان و مال کی تباہی کی صورت میں نکلنے والا ہو۔

یہی فسادات کا واحد چیک ہے۔ اگر ہر مقام پر یہ عمل جاری ہو جائے تو یقینی طور پر تمام فرقہ وارانہ یا غیر فرقہ وارانہ فساد کی جڑ کٹ جائے۔ امر بالمعروف نہی عن المنکر اسی قسم کا ایک سماجی اور اصلاحی عمل ہے، وہ سیاسی لیڈری کا کوئی عنوان نہیں۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom