۶ اپریل

اشتراکی روس کے پہلے حکمراں لینن کا انتقال ۱۹۲۴ میں ہوا۔ اس کے بعد جوزف اسٹالن روس کا وزیراعظم بنا۔ اور اپنی وفات (۱۹۵۳) تک اس عہدہ پر باقی رہا۔ اس نے تقریباً ۳۰ سال تک اشتراکی روس کے اوپر مطلق العنان حکومت کی۔ اس دوران اس نے بے شمار مظالم کیے ۔حتی  کہ کہا جاتا ہے کہ اس نے تقریباً ۵۰  ملین  انسانوں کو مختلف طریقوں سے ہلاک کر ڈالا (ٹائمس آف انڈیا ۲۰ اپریل ۱۹۸۸)

 اسٹالن کے پورے دور حکومت میں اس کے مظالم اس طرح مکمل طور پر چھپائے جاتے رہے کہ اس کا ایک لفظ بھی اشتراکی روس کی وسیع مملکت میں کہیں شائع نہ ہو سکا۔ بعد کے ایک روسی وزیر اعظم نیکیتا خروشچیف نے کمیونسٹ پارٹی کی بیسویں کانگریس میں بند کمرے کے اندر اس کے بھیانک جرائم پر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ یہ واقعہ ۲۵ فروری ۱۹۵۶ کا ہے۔ مگر اس کے باوجود خروشیف کی یہ رپورٹ نے روس کے ملکی اخبارات میں چھپنے کے لیے دی گئی اور نہ بیرونی اخبارات میں، اسٹالن کے مظالم کا راز بدستور راز بنا رہا۔

مگر ۶  اپریل ۱۹۸۹ کو اس راز کا پردہ پھٹ گیا۔ اس واقعہ کے ۳۳ سال بعد، اور اصل مظالم کے نصف صدی سے بھی زیادہ بعد، اس رپورٹ کو شائع کر دیا گیا ہے ۔ ماسکو سے شائع ہونے والے ایک سرکاری ماہنامہ نیوز (News) نے۶  اپریل ۱۹۸۹ کو خروشچیف کی یہ رپورٹ مکمل طور پرشائع کی ہے ، اور اس کا عنوان ہے  –––––  شخصیت پرستی اور اس کے اثرات :

On the personality cult and its consequences.

موجودہ دنیا میں آدمی سرکشی کرتا ہے ۔ وہ اپنی بڑائی قائم رکھنے کی خاطر حق کو ماننے سے انکار کر دیتا ہے۔ پھر بھی اس کو اپنی اصل حیثیت پر پردہ ڈالنے کے لیے خوبصورت الفاظ مل جاتے ہیں۔ وہ سمجھتا ہےکہ میں نے ہمیشہ کے لیے اپنی بداعمالیوں کو چھپا لیا۔ مگر جس طرح اسٹالن کے لیے " ۶  اپریل "کی تاریخ طے تھی، اور اس تاریخ کے آتے ہی وہ ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔ اسی طرح ہر انسان کے لیے ایک ۶ اپریل مقدر ہے۔ اس کے آتے ہی ہر آدمی کی حقیقت صفحۂ اول کی خبر بن جائے گی جس طرح ۶  اپریل ۱۹۸۹ کو اسٹالن کی حقیقت صفحہ اول کی خبر بن گئی۔

یہ دن بہر حال ہر انسان پر آنے والا ہے ، خواہ وہ آج آئے یا آج کے ۵۰ سال بعد۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom