وسيع تر مفاد

جس زمانے میں حضرت علی اورحضرت معاویہ کے درمیان جنگ ہورہی تھی، قیصر روم (قسطنطنیہ) نے ارادہ کیاکہ وہ مسلم دنیاپر حملہ کردے۔اس کے ذہن میں آیاکہ اِس وقت مسلمان باہمی لڑائی میں مبتلاہیں۔اگراس وقت میں نے حملہ کردیاتو میں شام ومصروغیرہ علاقہ پر دوبارہ قبضہ کرسکتاہوں۔حضرت معاویہ کو اس کی خبرملی تو انھوں نے فوراًقیصرروم کے نام ایک خط روانہ کیا،اس میں لکھاہواتھا:

‌وَاللهِ ‌لَئِنْ ‌لَمْ ‌تَنْتَهِ ‌وَتَرْجِعْ إِلَى بِلَادِكَ يَا لَعِينُ لَأَصْطَلِحَنَّ أَنَا وَابْنُ عَمِّي عَلَيْكَ وَلَأُخْرِجَنَّكَ مِنْ جَمِيعِ بِلَادِكَ، وَلَأُضَيِّقَنَّ عَلَيْكَ الْأَرْضَ بِمَا رَحُبَتْ(البدایۃ والنہایۃ،جلد8، صفحہ127)۔یعنی، اللہ کی قسم! اگر تم باز نہ آئے اور اپنے ملک کی طرف واپس نہ ہوئے تو میں اپنے چچا زاد بھائی کے ساتھ تیرے خلاف صلح کر لوں گا پھر تیرے پورے ملک پر قبضہ کرکے زمین کی وسعت کے باوجود اس کو تیرے اوپر تنگ کر دوں گا۔

تاریخ بتاتی ہے کہ حضرت معاویہ کے اس خط کے بعد قیصر روم نے اپناحوصلہ کھودیا۔اس نے فوجوں کی تیاری روک دی۔اس نے سمجھ لیا کہ اب مسلمانوں سے جنگ چھیڑنااپنی مزید بربادی کو دعوت دیناہے۔یہ زندہ لوگوں کاطریقہ ہے۔ان کے اندرآپس میں اختلافات پیداہوتے ہیں۔مگر جب معاملہ وسیع ترمفاد کاآجائے تو وہ اپنے اختلاف کو ختم کرکے ایک ہوجاتے ہیں۔ان کے اختلاف کی ایک حد ہوتی ہے۔حد کے آجانے کے بعد ان کا اختلاف باقی نہیں رہتا۔

زندہ انسان دوستی کے باوجود کسی کی بے جا حمایت نہیں کرتا۔وہ دشمنی کے باوجود کوئی چھوٹی حرکت نہیں کرتا۔وہ انفرادی جھگڑے کے باوجود اجتماعی امور میں متحد ہوجاتاہے۔وہ شخصی کدورت کے باوجود اسلامی تعلق میں فرق نہیں آنے دیتا۔زندہ انسان کسی سے نزاع پیش آنے کے باوجود اس کی خصوصیات کااعتراف کرتاہے۔وہ رنجش پیداہونے کے باوجود امانتوں کو اداکرتاہے۔زندہ انسان کسی حال میں پست حرکت نہیں کرتا،وہ کسی حال میں اپنی انسانیت کو نہیں کھوتا۔زندہ انسان دشمن ہوسکتاہے مگروہ کمینہ نہیں ہوسکتا۔زندہ انسان کو شکایت ہو سکتی ہے مگر یہ ممکن نہیں کہ جس سے اس کو شکایت ہواس کے خلاف وہ جھوٹاالزام لگانے لگے۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom