اختلاف، نفرت

  مولانا محمود حسن دیو بندی(1851-1920) تحریک ِخلافت کے پر جوش حامیوں میں سے تھے۔ ان کے شاگردمولانا اشرف علی تھانوی (1862-1943) تحریکِ خلافت کے مخالف تھے۔وہ اس تحریک پر کھلم کھلا تنقید کرتے تھے۔ مگر استاد نے اپنے شاگرد کی اس ’’ گستاخی‘‘ کو کبھی برا نہیں مانا۔ دونوں کے درمیان آخروقت تک مخلصانہ تعلق باقی رہا۔

  مولانا اشرف علی تھانوی ایک گفتگو کے ذیل میں اپنے استاد اور شیخ کے بارے میں لکھتے ہیں: ’’ حضرت کے قلب پر میرے اختلاف سے ذرہ برابر بھی گرانی نہ تھی۔ ایک مرتبہ تحریک خلافت کے زمانہ میں حضرت کی بیٹھک میں کچھ لوگ بیٹھے ہوئے میرے متعلق برے بھلے الفاظ کہہ رہے تھے۔ کچھ الفاظ حضرت کے کانوں میں پڑگئے۔ باہر تشریف لے آئے۔ بہت خفا ہوئے اور یہ فرمایا کہ خبردار،جو آئندہ ایسے الفاظ کبھی استعمال کیے۔ اور یہ فرمایا کہ میرے پاس کیاوحی آتی ہے کہ جو کچھ میں کررہاہوں وہ سب ٹھیک ہے۔میری بھی ایک رائے ہے۔ اس کی بھی ایک رائے ہے۔ایک مرتبہ حضرت نے یہ فرمایا کہ ہمیں تو اس پر فخر ہے کہ جو شخص تمام ہندستان سے بھی متاثر نہ ہوا اور کسی کی بھی پروانہ کی وہ بھی ہماری ہی جماعت سے ہے‘‘۔(ملفوظات حکیم الامت، مولانا اشرف علی تھانوی، ادارہ تالیفات اشرفیہ، ملتان، صفحہ 114)

 یہ ایک مثال ہے جس سے اندازہ ہوتاہے کہ اختلاف کے معاملہ میں علمائے امت کاطریقہ کیا ہونا چاہیے۔ اس طرح کے اختلافات میں وہی روح کارفرماہونی چاہیے جو امام ِشافعی کی طرف منسوب اس قول میں بیان کیا گیا ہے: میری رائے درست ہے،مگر احتمالِ خطا کے ساتھ۔ دوسرے کی رائے غلط ہے مگر احتمالِ صحت کے ساتھ (رَأْيِي صَوابٌ يَحْتَمِلُ الخَطَأَ، وَرَأْيُ غَيْرِي خَطَأٌ يَحْتَمِلُ الصَّوَابَ

یہ اختلافات عام طور پر اجتہادی امور میں ہوتے ہیں اور اجتہادی امور میں ہمیشہ ایک سے زیادہ رائے کی گنجائش ہوتی ہے۔ اس لیے صحیح ترین مسلک یہ ہے کہ آدمی اختلاف کے باوجود اپنے آپ کو فریقِ ثانی کی نفرت سے بچائے۔ وہ اپنے نقطۂ نظر کو شدت کے ساتھ پیش کرے، اس کے باوجود اس کی نفسیات یہ ہو کہ یہ معاملہ 50-50 فیصد کا ہے، نہ کہ صدفی صدکا۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom