اسلام کا فکری انقلاب دیگر ادیان پر آج بھی غالب ہے
مسلمان تصادم اور ٹکراؤ کا راستہ ترک کر دیں: مولانا وحید الدین خاں
بمبئی، 10 نومبر(جاوید جمال الدین)۔اسلامی اسکالر اورماہنامہ ’’الرسالہ‘‘ دہلی کے مدیر اعلیٰ مولانا وحید الدین خاں نے مسلمانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تصادم اور ٹکراؤ کے طریقے کو ترک کر دیں اور شر انگیزی کی جانب توجہ نہ دیں۔ مولانا آج (10 نومبر کو)جنوبی بمبئی میں واقع پاٹکر ہال میں اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے تحت منعقد کیے گئے ایک جلسے میں ’’حضرت محمد: پیغمبر انقلاب‘‘ کے موضوع پر خطاب کر رہے تھے۔ (تقریر کی چند باتیں درج ذیل ہیں):
ث نیا مسئلہ:انہوں نےخطاب کرتے ہوئےکہا کہ اگر کسی عبادت گاہ کے سامنے سے کسی دوسرے فرقے کا جلوس گزرتا ہے اور جلوس میں اشتعال انگیز نعرے لگائے جاتے ہیں تو اس وقت مشتعل نہ ہوں اور ایسی باتوں کو نظر انداز کر دیں۔ کیوں کہ ٹکراؤ سے ایک نیا مسئلہ کھڑا ہو جائے گا۔
ث کامیاب انقلاب: حضرت محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) کے متعلق مولانا نےکہا کہ آپ نے جو فکری انقلاب پیدا کیا وہ تمام ادیان پر غالب ہو گیا اور آج بھی اس کا غلبہ ہے۔ اس کے برخلاف دنیا میں جتنے بھی سیاسی انقلاب برپا ہوئے سب کے سب ناکام ہوئے۔
ث توحید کی تعلیم: مولانا موصوف نے کہا کہ حضرت محمد نے تمام پیغمبروں کی طرح توحید کی تعلیم دی اور مشرکین کو بتایا کہ تم جن چیزوں کی عبادت کرتے ہو وہ بذات خود مخلوق ہیں۔
ث محمد اور تاریخ: اپنی تقریر کے دوران مولانا نے ایک شخص کا ذکر کیا، جس نے ایک عرصہ قبل گفتگو کے دوران کہا تھا کہ اگر محمد کو تاریخ سے نکال دیا جائے تو تاریخ میں کیا کمی رہ جائے گی۔ اور مولانا نے اس کے جواب میں برملا کہا تھا ’’ وہی کمی رہ جائے گی جو محمدسے پہلے موجود تھی‘‘۔
ث مستقبل روشن: مولانا کے مطابق،ہندستان میں مسلمانوں کا مستقبل کافی روشن ہے، بشرطیکہ وہ جذباتی طریقہ اختیار کرنے کے بجائے مثبت تعمیری سوچ اپنائیں۔
( روزنامہ انقلاب، 11 نومبر 1991)