تخلیقی منصوبہ

انسان کے بارے میں خدا کا تخلیقی منصوبہ کیا ہے ۔ اس سوال کا صحیح جواب متعین کرنا انتہائی ضروری ہے ۔ کیوں کہ اسی سے دو اہم ترین سوال کا جواب متعین ہوتا ہے –––––  انسان کی نجات کا دارو مدارکس چیز پر ہے ، اور یہ کہ دعوتِ اسلامی کا رخ کیا ہونا چاہیے ۔

 کچھ لوگوں کے نزدیک اس معاملہ کو جاننے کے لیے قرآن میں کلیدی لفظ خلافت ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ دنیا میں انسان خدا کا خلیفہ (نائب ِخدا )ہے۔ یہاں اس کو جو کام کرنا ہے وہ یہ ہے کہ خدا کا قانون جو ساری دنیا میں تکوینی طور پر قائم ہے ، اس کو وہ خدا کے نائب کی حیثیت سے تشریعی طور پر انسانی زندگی میں جاری کر دے۔

یہ نظریہ قرآن کی آیتإِنِّي جَاعِلٞ فِي ٱلۡأَرۡضِ ‌خَلِيفَةٗۖ [البقرة: 30]سے نکالا گیا ہے ۔ مگر یہ سراسر جسارت ہے۔ کیوں کہ قرآن کی اس آیت میں یا کسی اور آیت یا حدیث میں مذکورہ نظر یہ سرے سے موجود ہی نہیں ۔ آیت میں "ایک خلیفہ" کا لفظ ہے نہ کہ " خدا کا خلیفہ " کا لفظ ۔ خلیفہ کے معنی عربی زبان میں جانشین کے ہیں نہ کہ نائب کے ۔ پھر "قانون شرعی کی تنفیذ "کا مذکورہ نظر یہ بھی یکسر طبع زاد ہے ۔ کیوں کہ آیت یا اس کے سیاق و سباق میں اس کا کہیں کوئی ذکر نہیں ۔

خدا کا تخلیقی منصوبہ کیا ہے ، یہ قرآن کی بنیادی تعلیم کا معاملہ ہے ، اور قرآن کی بنیادی تعلیم کو لازمی طور پر "عبارۃ النص " سے نکلنا چاہیے ، اتنی اہم بات کے لیے تعبیری استدلال ہرگز درست نہیں۔ اس اعتبار سے جب ہم قرآن کو دیکھتے ہیں تو وہ انتہائی صراحت کے ساتھ وہاں لکھا ہوا ہمیں مل جاتا ہے۔ مثلاً قرآن کی یہ آیت کہ خَلَقَ ٱلۡمَوۡتَ وَٱلۡحَيَوٰةَ لِيَبۡلُوَكُمۡ أَيُّكُمۡ ‌أَحۡسَنُ ‌عَمَلٗاۚ [الملك: 2]اس آیت کے مطابق ، انسان کے بارے   میں خدا کے تخلیقی منصوبہ کو سمجھنے کے لیے کلیدی لفظ ابتلاء (آزمائش) ہے۔ اس دنیا میں آدمی کو آزمائش کے لیے بسایا گیا ہے۔ ہر فرد کو مخصوص حالات کے اندر پیدا کیا جاتا ہے۔ ہر فرد کو انہیں حالات کے اندر حسن ِعمل کا ثبوت دینا ہے۔ جوشخص حسنِ عمل کے امتحان میں پورا اترے گا، اس کے لیے ابدی جنت ہے ۔ اور جو شخص حسن عمل کے امتحان میں پورا نہ اترے اس کے لیے ابدی جہنم ۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom