امتحان کا پرچہ

آج کل یہ منظر دیکھنے میں آتا ہے کہ ایک شخص پیسہ کما کر اپنے لیے ایک شاندار مکان بنائے گا، اور اس کے بعد اس کے اوپر لکھدے گا : هذا من فضل ربّی (یہ میرے رب کا فضل ہے ) بظاہر اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ میرے خدا کا انعام ہے ۔ خدا نے مکان کی صورت میں مجھے اپنی نعمت عطا فرمائی ہے ۔ مگر موجودہ شکل میں اس کا یہ مطلب درست نہیں ۔

 قرآن کی یہ آیت سورہ النمل میں آئی ہے ۔ اس کا پس منظر یہ ہے کہ حضرت سلیمان علیہ السلام کے دربار میں جب ملکۂ سبا حاضر ہوئی تو آپ نے اپنے مسخر جنا توں کے ذریعہ اس کا تخت یمن (مارب) سے فلسطین (یر وشلم )منگایا ۔ قرآن کے بیان کے مطابق، یہ واقعہ پلک جھپکنے کے درمیان ہوا۔ڈیڑھ ہزار میل دور رکھا ہوا تخت ایک سکنڈ میں حضرت سلیمان کے پاس پہونچ گیا ۔

 حضرت سلیمان علیہ السلام نے جب یہ غیر معمولی واقعہ دیکھا تو ان کی زبان سے نکلا کہ یہ میرے رب کا فضل ہے ، تاکہ وہ مجھے جانچے کہ میں شکر کرتا ہوں یا ناشکریهَٰذَا مِن ‌فَضۡلِ ‌رَبِّي لِيَبۡلُوَنِيٓ ءَأَشۡكُرُ أَمۡ أَكۡفُرُۖ [النمل: 40]

حضرت سلیمان علیہ السلام کے پورے قول کو سامنے رکھئے تو اس کا مطلب یہ نکلتا ہے کہ اس " فضل" کو انھوں نے اصلاً  آزمائش کے نقطۂ نظر سے دیکھا۔ ان کے نزدیک خدا کا یہ خصوصی معاملہ اس لیے کیا گیا کہ اس کے ذریعہ ان کو آزمائش میں ڈال کر یہ دیکھا جائے کہ وہ اس پر شکر کے جذبہ سے جھک جاتے ہیں، یا فخر کے جذبہ کے تحت اس کے برعکس رویہ اختیار کرتے ہیں ۔

اللہ تعالیٰ کا انعام ، اپنے حقیقی معنوں میں ، اہل ایمان کو آخرت میں ملنے والا ہے۔ دنیا میں کسی انسان کو جو کچھ دیا جاتا ہے ، وہ در اصل امتحان کا پرچہ ہوتا ہے۔ اس کا مقصد جانچنا ہوتا ہے نہ کہ نوازش کرنا –––––  اس اعتبار سے اس دنیا کے آرام کی حقیقت بھی وہی ہے جو اس دنیا کی تکلیف کی حقیقت ہے۔ دونوں ہی آدمی کے لیے آزمائش کے پرچے ہیں۔ آرام میں شکر مطلوب ہے اور تکلیف میں صبر۔ دنیا میں خدا کا اصلی انعام یہ ہے کہ وہ آدمی کو یہ توفیق دے کہ وہ آرام میں شکر کا ثبوت دے سکے اور تکلیف میں صبر کا ثبوت ۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom