سماجی برائی
سگرٹ کو موجودہ زمانے میں بہت ترقی ہوئی ہے۔ مگر سائنسی تحقیقات بتاتی ہیں کہ سگرٹ پینا زبر دست نقصان کا باعث ہے۔ مغربی ماہرین نے تجربات کے بعد بتایا ہے کہ سگرٹ پینے سے ایک آدمی کی زندگی کے ۲۲۵۰ دن کم ہو جاتے ہیں۔ سگرٹ نہ پینے والوں کے مقابلہ میں سگرٹ پینے والے دس گنا زیادہ دل کے مریض ہوتے ہیں۔ سگرٹ پینے والے کثرت سے اچانک موت کا شکار ہوتےہوئے پائے گئے ہیں ، وغیرہ ۔
سگرٹ پینے کے نقصانات اب ایک ثابت شدہ حقیقت بن چکے ہیں ۔ پچھلے پچاس سال سے مختلف صورتوں میں یہ الفاظ لوگوں کے دماغ میں ڈالے جاتے رہے ہیں کہ تمباکو نوشی صحت کے لیے مضر ہے ، مگر تازہ تحقیقات نے اس معاملہ میں انقلابی تبدیلی کی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ صرف تمبا کو پینا خطرناک نہیں ہے، بلکہ تمبا کو پینے والے سماج میں رہنا بھی خطرناک ہے۔ چنانچہ اب ایک نئی اصطلاح وضع ہوئی ہے جس کو منفعل تمباکو نوشی (passive smoking) کہا جاتا ہے۔ تمبا کو پینے والا جو دھواں نکالتا ہے۔ وہ اس کے منہ سے نکل کر ہوا میں شامل ہو جاتا ہے ۔ اس آلودہ ہوا میں لوگ سانس لیتے ہیں ۔ اس طرح ہر آدمی تک اس کا ایک حصہ پہونچتا رہتا ہے ۔
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ فعّال تمباکو نوشی (active smoking) کے جو نقصانات ہیں، و ہی تمام نقصانات مُنفعل تمباکو نوشی کے بھی ہیں ۔ مثلاً دہلی میں رہنے والا ہر آدمی خواہ وہ براہ ِراست سگرٹ نہ پیتا ہو ، مگر بالواسطہ انداز میں وہ روزانہ ۱۰ سے ۲۰ سگرٹ تک پی رہا ہے۔ اس طرح اس کی صحت کے لیے بھی انھیں خطرات کا اندیشہ ہے جو باضابطہ سگرٹ پینے والے کے لیے ہے ۔ سگرٹ کے خلاف مہم چلانے والوں کا نعرہ پہلے یہ تھا کہ" تمہاری تمباکو نوشی تمہاری صحت کے لیے مضر ہے"۔مگر اب انھوں نےنیا نعرہ وضع کیا ہے" تمہاری تمباکو نوشی میری صحت کے لیے مضر ہے" :
Your smoking is injurious to my health.
اگر آپ برائی سے پاک رہنا چاہتے ہیں تو پورے سماج کو برائی سے پاک کرنے کی کوشش کیجئے۔ سماج اگر برائی میں مبتلا ہو تو فرد بھی اپنے آپ کو اس برائی کے اثرات سے محفوظ نہیں رکھ سکتا۔