تاریخ کا فیصلہ

اسپین میں مسلمانوں کی حکومت سات سو سال (۱۴۹۲ – ۷۵۶ ء) تک جاری رہی۔ یہ حکومت طارق بن زیاد نے عیسائی حکمراں کو شکست دے کر قائم کی تھی ۔ آخری مرحلہ میں یہ حکومت سمٹ کر صرف غرناطہ میں باقی رہ گئی تھی۔ تاریخ سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ اس سات سو سالہ مدت میں عیسائیوں نے مسلم سلطنت پر کوئی باقاعدہ حملہ کیا ہو۔ پھر یہ طاقت ور سلطنت کیسے ختم ہوگئی ۔ اس کا جواب صرف ایک ہے ۔ وہ یہ کہ خود مسلمانوں کے ہاتھوں اس کا خاتمہ ہوا۔

سب سے پہلے بغداد کے عباسی خلیفہ منصور عباسی کے حکم سے ۱۴۶ ھ میں عباسی فوج نے سمندر پار کر کے مسلم اسپین پر حملہ کیا۔ وقتی طور پر سلطنت کا ایک حصہ اس وقت کے اسپینی حکمراں عبد الرحمن اوّل کے قبضہ سے نکل گیا ۔ عبدالرحمن اوّل نے چند ماہ بعد ہی اپنی سلطنت کو دوبارہ لڑ کر عباسیوں سے واپس لے لیا ۔ مگر باہمی لڑائیوں کا یہ سلسلہ پھر کبھی بند نہ ہو سکا ۔ صوبائی حاکموں کی طرف سے بغاوت اور باہم ایک دوسرے کے خلاف سازشوں کا سلسلہ برابر جاری رہا ۔ اس دوران بعض عیسائی حکمرانوں نے بھی مسلم حکومتوں کی سرحدوں پر حملے کیے ، مگر وہ خود مسلمانوں کے تعاون اور ان کی شہ پر ہوتے تھے ۔ آخر کار اسپین کی مسلم سلطنت ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی۔ ہر سردار جو کسی شہر یا صوبہ کا حاکم ہوتا وہ بغاوت کر کے اپنی الگ سلطنت قائم کر لیتا۔ پھر یہ خود مختار ریاستیں چوں کہ اپنی سرحدوں کومزید بڑھانے کی فکر میں رہتی تھیں، اس لیے ان کے درمیان مستقل طور پر باہمی نزاع اور جنگ جاری رہتی تھی ۔

ان با ہمی لڑائیوں کا نتیجہ یہ ہو کہ اسپین کی مسلم سلطنت گھٹتے گھٹتے اسپین کے صرف ایک چھوٹے حصہ میں باقی رہ گئی جس کو تاریخ میں سلطنت غرناطہ کہا جاتا ہے ۔ اس سلطنت کا حکمراں ابو عبداللہ آخری مرحلہ میں اتنا کمزور ہو گیا کہ مجبور ہو کر اس نے اپنے قلعہ کی کنجیاں ۲ جنوری ۱۴۹۲ء کو شاہ سسلی فرڈیننڈ (Ferdinand II) کے حوالہ کر دیں ، اور بقیہ ایام مراکش میں گزار کر وہیں مر گیا ۔

 یہی بعد کے زمانےمیں تمام دنیا کے مسلمانوں کی کہانی ہے ۔ ہر جگہ مسلمان صرف اپنے باہمی اختلاف کے نتیجے میں برباد ہوتے ہیں، اگرچہ وہ بطور خود دوسروں کو اپنی بربادی کا ذمہ دارقرار دے رہے ہیں ۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom