تجربہ کی دنیا
ایک صاحب کو میں جانتا ہوں۔ ا ن کی پاس بزنس کی کوئی ڈگری نہیں، لیکن وہ ایک بزنس مین ہیں اور اپنے بزنس میں نہایت کامیاب ہیں۔ میں نے پوچھا کہ آپ کے پاس ایم بی اے (Master of Business Administration) کی ڈگری نہیں۔ لیکن آپ کامیابی کے ساتھ بزنس کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس کا راز ہے، تجربہ (experience)۔ میرے پاس کالج کی ڈگری نہیں، لیکن میرے پاس تجربہ کی ڈگری ہے۔ میں نے اپنے تجربے سے وہ سب کچھ سیکھا جو دوسرے لوگ ڈگری کے ذریعہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بات ہر شعبے کے لیے درست ہے۔ ہماری دنیا ایک وسیع درس گاہ ہے۔ اس درس گاہ میں ہر قسم کے تجربات پھیلے ہوئے ہیں۔ انسان کے اندر اگر سیکھنے کا جذبہ (learning spirit) ہو تو وہ دنیا کے تجربات سے وہ سب کچھ حاصل کرسکتا ہے، جس کے لیے لوگ یونیورسٹیوں میں داخلہ لیتے ہیں، اور بڑی بڑی ڈگریاں حاصل کرتے ہیں۔
خاندانی زندگی کا معاملہ ہویا بزنس کا معاملہ، سماجی زندگی ہو یا قومی زندگی۔ ہر جگہ، ہر دن مختلف قسم کے تجربات پیش آتے ہیں۔ اگر آدمی کھلے ذہن کے ساتھ زندگی گزارے، اور تجربات سےسبق سیکھے تو وہ ہر شعبے میں کامیاب زندگی گزار سکتاہے۔ آدمی کے اندر سیکھنے کا جذبہ موجود ہو تو وہ نہ صرف یہ کرے گا کہ اپنے تجربات سے سبق لے، بلکہ وہ دوسروں کے تجربات سے بھی بھر پور سبق لیتا رہے گا۔
تجربہ گویا عملی مطالعہ (practical study) ہے۔ ہر تجربہ عمل کی زبان میں کتاب زندگی کاایک صفحہ ہوتا ہے۔ ہر تجربہ عمل کی زبان میں کلاس روم کا ایک سبق ہوتا ہے۔ اس اعتبار سے پوری دنیا تجربات اور مشاہدات کی ایک عظیم لائبریری ہے۔ آپ اپنے ذہن کو کھلا رکھیے، آپ اپنے اندر سیکھنے کا مزاج (learning spirit) پیدا کیجیے، پھر آپ دیکھیں گے کہ پوری دنیا آپ کے لیے ایک عظیم تعلیمی درس گاہ بن گئی ہے۔