سادگی میں عظمت

ایک مرتبہ میں ایک قصبہ میں گیا۔ وہاں ایک مسجد میں چند بار نماز پڑھی۔ میں نے دیکھا کہ اس مسجد کے جو امام ہیں۔ وہ لوگوں کے درمیان نہایت محبوب ہیں۔ لوگ ان کا بہت احترام کرتے ہیں۔ وہ جو بات کہہ دیں، اس کو تمام لوگ فوراً  مان لیتے ہیں۔ میں نے مختلف لوگوں سے پوچھا کہ امام صاحب کی اس مقبولیت کا سبب کیا ہے۔ معلوم ہوا کہ وہ اسلام کے کچھ سادہ اصولوں پر پابندی سے عمل کرتے ہیں۔اور یہی ان کی مقبولیت اور محبوبیت کا راز ہے۔

 امام صاحب کا معمول تھا کہ وہ اذان سنتے ہی اپنے گھر سے نکل پڑتے تھے۔ موذن کے آخری کلمات کے ساتھ وہ مسجد میں داخل ہو جاتے۔ یہ گویا خدا کی پکار پر فی الفور دوڑ پڑنا ہے۔ اور جس آدمی کا یہ حال ہو کہ وہ خدا کی پکار پر فوراً دوڑ پڑے تو لوگ بھی اس کی طرف دوڑنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

اسی طرح امام صاحب کی عادت تھی کہ وہ ہمیشہ سلام میں پہل کرتے تھے۔ بہت ہی کم ایسا ہوتا تھاکہ کوئی شخص سلام کرنے میں ان پر سبقت لے جائے۔ جو شخص اس طرح لوگوں کو سلام کرنے لگے، وہ گویالوگوں کے حق میں اپنے جذبۂ محبت کا اظہار کرتا ہے۔ اور جس آدمی کے دل میں دوسروں کے لیے محبت ہودوسرے لوگ بھی اس سے محبت کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

 امام صاحب کی ایک اور صفت یہ تھی کہ وہ کبھی کسی سے سوال نہیں کرتے تھے۔ وہ اپنی آمدنی کے بقدر نہایت سادگی اور قناعت کی زندگی گزارتے تھے۔ یہ طریقہ بھی اپنے اندر بے پناہ کشش رکھتا ہے۔ دوسروں سے سوال کرنے والا دوسروں سے چھوٹا بن جاتا ہے۔ اور جو شخص دوسروں سے سوال نہ کرے، وہ دوسروں کو اپنے سے بڑا دکھائی دینے لگے گا۔

امام صاحب کی ایک عادت یہ تھی کہ وہ صرف بقدرِ ضرورت کلام کرتے تھے۔ وہ دوسروں کی بات زیادہ سنتے اور خود کم بولتے، اور جو کچھ بولتے، سوچ سمجھ کر بولتے۔ یہ بھی ایک نفسیاتی حقیقت ہے کہ کم بولنا آدمی کو باوزن بناتا ہے اور زیادہ بولنا آدمی کو ہلکا کر دیتا ہے۔

 یہ اصول سب کے سب نہایت سادہ اصول ہیں۔ وہ بظاہر بہت معمولی ہیں۔ مگر وہ جس انسان کے اندر پیدا ہو جائیں، اس کو وہ غیر معمولی انسان بنا دیتے ہیں۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom