موت کا فیصلہ

آئن فلیمنگ (Ian Fleming) ۱۹۰۸ میں لندن میں پیدا ہوا، ۱۹۶۴ میں اس کی وفات ہوئی۔ ۱۹۲۹ سے ۱۹۳۳ تک وہ ماسکو میں جرنلسٹ کی حیثیت سے رہا۔ مارچ ۱۹۳۳ میں سوویت روس کی حکومت نے پانچ بر طانی انجینیروں کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ ماسکو میں ان کے اوپر مقدمہ چلایا گیا۔ یہ یورپی صحافت کے لیے انتہائی اہمیت کی خبر تھی۔ اس مقدمہ کی کاروائی لکھنے کے لیے یورپ کے جو اخباری نمائندے ماسکو پہونچے، ان میں رائٹر کا نمائندہ آئن فلیمنگ بھی تھا۔ آئن فلیمنگ چاہتا تھا کہ وہ اس فیصلہ کی خبر سب سے پہلے یورپ بھیجے۔

  اس مقصد کے لیے اس نے ایک خاموش منصوبہ بنایا۔ جس دن ماسکو کے جج مقدمہ کا فیصلہ دینے والے تھے، اس نے پورے واقعہ کی دو الگ الگ رپورٹیں تیار کیں۔ ایک رپورٹ ملزمین کے سزایاب ہونے کی صورت میں۔ اور دوسری رپورٹ وہ جب کہ انھیں چھوڑ دیا جائے۔

مقررہ وقت پر جیسے ہی ججوں نے فیصلہ کے الفاظ کہے۔ آئن فلیمنگ نے فوراً اپنی رپورٹ کی خالی جگہ پر کی اور اسی وقت ٹیلی گرام کے ذریعہ اس کو اپنے یورپی دفتر کے نام روانہ کر دیا۔ یہ مذکورہ مقدمہ کی پہلی خبر تھی جولندن پہونچی۔ آئن فلیمنگ کو اس کے بعد رائٹر نے بڑی ترقی دیدی۔

آئن فلیمنگ کا زیادہ دولت کمانے کا شوق اس کو ناول نگاری کی طرف لے گیا۔ اس نے سنسنی خیز ناول نگاری میں زبر دست شہرت حاصل کی۔ اس کے تیرہ ناول تقریباً  دو کرور کی تعداد میں فروخت ہوئے۔ اور گیارہ زبانوں میں ان کا ترجمہ کیا گیا۔ اس کا ایک ناول ڈاکٹرنو (Dr. No) ایک لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا۔ یہ کہانی فلمائی گئی اور اس سے مزید اس کو ایک لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔ آئن فلیمنگ اب دولت اور شہرت کے آسمان پر تھا۔ مگر عین اس وقت اس کے اوپر وہ وقت آگیا جو ہر ایک کے اوپر آتا ہے۔ ابھی وہ صرف ۵۶ سال کی عمر کو پہونچا تھا کہ اچانک وہ ۱۲ اگست ۱۹۶۴ کو مر گیا۔

 آئن فلیمنگ روسی جج کے فیصلہ کی پیشگی رپورٹ تیار کر سکتا تھا، مگروہ موت کے جج کے فیصلے کا پیشگی اندازہ نہ کر سکا۔ عین اس وقت اسے اپنے آپ کو موت کے حوالے کرنا پڑا جب کہ وہ سب سے زیادہ زندگی کا خواہش مند ہو چکا تھا۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom