تجارتی شرکت

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ میں پیدا ہوئے ۔ مکہ کے لوگ اس زمانے میں زیادہ تر تجارت کیا کرتے تھے ۔ آپ نے بھی نبوت سے پہلے تجارت فرمائی اور اس سلسلے میں لوگوں کے ساتھ شرکت کے معاملات کیے ۔ اس سلسلے میں کچھ واقعات سیرت اور حدیث کی کتابوں میں نقل کیے گئے   ہیں۔

 عبد الله بن سائب مکہ کے باشندہ تھے ۔ انھوں نے بعد کو اسلام قبول کیا۔ عبداللہ بن سائب کہتے ہیں کہ میں جاہلیت کے زمانہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا شریکِ تجارت تھا۔ ہجرت کے بعد مدینہ آکر میں آپ سے ملا۔ آپ نے پو چھا کہ مجھ کو پہچانتے ہو ۔ میں نے کہا کیوں نہیں۔ آپ کے ساتھ تو میری تجارتی شرکت تھی ۔ اور آپ کتنے اچھے شریک تھے ۔ آپ نہ کبھی دھوکا دیتے تھے  اور نہ کسی بات پر جھگڑتےتھے ۔‌كُنْتَ ‌شَرِيكِي فَنِعْمَ الشَّرِيكُ لَا تُدَارِي وَلَا تُمَارِي ( معرفة الصحابة لأبي نعيم، 4195)

اسی طرح قیس بن سائب مخزومی کہتے ہیں کہ میں نے زمانہ جاہلیت میں آپ کی شرکت میں تجارت کی ہے ۔ آپ بہترین شریکِ تجارت تھے ۔ آپ نہ جھگڑتے تھے اور نہ کسی قسم کا منافشہ کرتے تھے (وَكَانَ ‌خَيْرَ ‌شَرِيكٍ لَا يُمَارِي وَلَا يُشَارِي)

اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ تاجرانہ شرکت کو خوش اسلوبی کے ساتھ چلانے اور اس کو برقرار رکھنے کے لیے کیا چیز درکار ہے۔ یہ دو چیزیں ہیں ––––––  باہمی اعتماد کو باقی رکھنا، اورنظر انداز کرنے کی پالیسی اختیار کرنا۔

جب بھی دو یا دو سے زیادہ آدمی مل کر کاروبار کریں تو ایسے مواقع آتے ہیں جب کہ ایک آدمی دوسرے کو فریب دے کر ذاتی نفع حاصل کرے ۔ ایسی روش شریکوں کے درمیان اعتماد کو ٹھیس پہونچاتی ہے۔ اور شرکت کو بر قرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ جو شخص تجارتی شرکت کو باقی رکھنا چاہتا ہو، اس پر لازم ہے کہ وہ ایسے ہر فعل سے انتہائی حد تک اپنے آپ کو بچائے۔

اسی طرح تا جرا نہ شرکت میں بار بار ایسا ہوتا ہے کہ کوئی اختلافی صورت پیش آتی ہے۔ ایسے مواقع پر نزاع اور تکرار سے بچ کر وسعت ظرف کا معاملہ کرنا چاہیے ۔ اختلافی مسائل پر نزاع سے شرکت ٹوٹتی ہے ، اور اختلافی مسائل میں عالی ظرفی کا طریقہ اختیار کرنے سے شرکت برقرار رہتی ہے۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom