اُس دن

قرآن میں آخرت کے بارےمیں بتایا گیا ہے کہ جس دن پنڈلی کھولی جائے گی اور لوگ سجدہ کرنے کے لیے بلائے جائیں گے تو وہ سجدہ نہ کر سکیں گے۔ يَوۡمَ ‌يُكۡشَفُ عَن سَاقٖ وَيُدۡعَوۡنَ إِلَى ٱلسُّجُودِ فَلَا يَسۡتَطِيعُونَ [القلم: 42] یہاں کشف ساق (پنڈلی کھولنے ) کا لفظ استعارہ کے طور پر ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جب وہ تمام حقیقتیں کھول دی جائیں گی جو موجودہ دنیا میں امتحان کی مصلحت سے چھپا دی گئی ہیں۔ العوفی نے عبداللہ بن عباس سے نقل کیا ہے کہ انھوں نے اس آیت کی تشریح میں کہا کہ جب معاملہ سے پردہ ہٹا دیا جائے گا اور تمام اعمال ظاہر ہو جائیں گے۔حِينَ يُكْشَفُ الْأَمْرُ وَتَبْدُو الْأَعْمَالُ ، (تفسير ابن كثیر،8/ 217)

جو شخص لوگوں کو دکھانے کے لیے یا ذاتی فائدہ کے لیے دینی زندگی اختیار کرے وہ جھوٹا دیندار ہے۔ مگر دنیا میں یہ حقیقت چھپی رہتی ہے۔ اس لیے یہاں جھوٹے دیندار کو بھی وہی عزت مل جاتی ہے جو سچے دیندار کو ملنی چاہیے۔ مگر آخرت میں اس قسم کا فریب ممکن نہ ہوگا۔ آخرت کے بدلے ہوئے حالات میں ایسے لوگ بالکل بے جگہ ہو جائیں گے۔ دنیا میں بناوٹی باتیں کر کے مقبولیت حاصل کرنے والے آخرت میں اپنے آپ کو بے زبان محسوس کریں گے ، کیوں کہ آخرت میں تمام اہمیت صرف قول سدید کی ہوگی ، اور اس قسم کے کلام کے لیے وہ لوگ اپنے آپ کو وہاں نا اہل پائیں گے ۔ مادی چیزوں کی بنیاد پر بڑائی حاصل کرنے والے وہاں چھوٹے ہو جائیں گے ، کیوں کہ آخرت میں صرف روحانی چیزوں میں عظمت ہوگی۔ دوسری تمام چیزیں اس روز اپنی عظمت کھو دیں گی ۔ غیر حقیقی مسائل کا نعرہ لگا کر بھیڑ جمع کرنے والے وہاں تنہا ہو جائیں گے، کیوں کہ آخرت میں لوگوں کی توجہ کا مرکز صرف وہ چیزیں ہوں گی جو حقیقی طور پر بامعنیٰ حیثیت رکھتی ہوں۔

دنیا میں آدمی سچائی کو نظر انداز کر کے اونچے مقامات پاتا ہے ، آخرت میں سچائی کا اعتراف کرنے والا اونچے مقامات کو پائے گا۔ دنیا میں خیانت کر کے آدمی مال کا مالک بنتا ہے ، آخرت میں دیانت و امانت وہ چیز ہوگی جو آدمی کو صاحبِ سرمایہ بنائے ۔ دنیا میں انسانوں کو خوش کر کے مفادات حاصل ہوتے ہیں ، آخرت میں خدا کو خوش کرنا آدمی کو تمام مفادات کا مالک بنائے گا ۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom