سب سے بڑافتنہ

حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ منبر پر کھڑے ہوئے اور لوگوں کے سامنے تقریر کی۔ انھوں نے کہا کہ اس امت کے لیے میں سب سے زیادہ جس سے ڈرتا ہوں وہ منافق عالم ہے ۔ لوگوں نے اس کی بابت مزید پوچھا تو حضرت عمر نے جواب دیا کہ ‌عَالِمُ ‌اللِّسَانِ، ‌جَاهِلُ ‌الْقَلْبِ (حياة الصحابہ الجزء الثالث ، صفحہ ۲۶۶)

ایک شخص اندھا ہے۔ اس کے پاس ہا تھ ہے جس سے وہ پکڑے ، مگر اس کے پاس آنکھ نہیں جس سے وہ دیکھے۔ ایسے آدمی کے ہاتھ میں ایک ہیرا دیدیا جائے تو کیا ہو گا۔ وہ ہیرے کو ٹٹول کر ہیرے کی سختی کو جان لے گا۔ مگر وہ ہیرے کی چمک کو نہ جان سکے گا ۔ کیوں کہ ہیرے کی چمک اور اس کی خوبصورتی کو جاننے کے لیے آنکھ کی ضرورت ہے، اور آنکھ اس کے پاس موجود ہی نہیں۔

 یہی معاملہ کسی آدمی کا اس وقت ہوتا ہے جب کہ اس کے پاس بصارت ہو مگر اس کے پاس  بصیرت نہ ہو ۔ اس کے پاس ذہنی علم ہو مگر اس کے پاس قلبی معرفت نہ ہو۔ یہی وہ انسان ہے جس کی  بابت حضرت عمر نے فرمایا کہ وہ زبان کا عالم مگر قلب کا جاہل ہوگا۔

ایسا آدمی قرآن و حدیث کو پڑھے گا مگر وہ کہیں کی بات کہیں جوڑ دے گا۔ کیوں کہ اس کے پاس صرف الفاظ کا ذخیرہ ہے ، وہ معانی کی گہرائیوں سے واقف نہیں۔ وہ اسلام کے نام پرتحریک چلائے گا مگر وہ بے لگام گھوڑے کی طرح کسی بھی سمت میں دوڑنا شروع کر دے گا۔ کیوں کہ اس کوراستوں کی پہچان حاصل نہیں ۔

ایسا شخص بے اعترافی کا کمال دکھائے گا مگر وہ اعتراف کا ثبوت نہ دے سکے گا، کیوں کہ وہ اعتراف کی لذت سے آشنا نہیں۔ وہ بے صبری کا مظاہرہ کرے گا مگر وہ صبر کی روش اختیار نہ کر سکے گا کیوں کہ وہ صبر کی اہمیت کو نہیں جانتا ۔ وہ اپنی ذات سے تعلق رکھنے والے مسائل کو فوراً سمجھ لے گا مگر ملت سے تعلق رکھنے والے مسائل کو سمجھنے سے قاصر رہے گا ، کیوں کہ اس کے سینے میں اپنی ذات کا درد تو ہے مگر اس کے سینے میں ملت کا درد نہیں –––––  جو لوگ الفاظ کے عالم اور معانی کے جاہل ہوں وہ بلاشبہ سب سے بڑا فتنہ ہیں، امت مسلمہ کے لیے بھی اور وسیع تر معنی میں ساری انسانیت کےلیے   بھی۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom